دبئی میں چلتی گاڑی سے گرنے پر ہلاکت، ڈرائیور کو 2 لاکھ درھم دیت ادا کرنے کا حکم
ایک کمپنی کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا تھا (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات دبئی میں ٹریفک کورٹ نے حادثے کا سبب بننے والے ڈرائیور پر 10 ہزار درھم جرمانہ اور حادثہ میں ہلاک ہونے والے کے لواحقین کو دو لاکھ درھم دیت ادا کرنے کا پابند بنایا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی کی ٹریفک کورٹ میں ایک کمپنی کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا جس میں اس پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ غفلت برتنے کے باعث پیسنجر سیٹ پر بیٹھا ہوا شخص دروازہ کھل جانے کی وجہ سے چلتی گاڑی سے روڈ پر گر گیا جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔
پراسیکیوشن نے اپنی تحقیقات میں ڈرائیور کو مورد الزام ٹھراتے ہوئے کہا تھا کہ گاڑی کے دروازے کا لاک خراب تھا۔ اس کے باوجود اس نے ساتھی کو سوار کیا اور اسے سیٹ بیلٹ بھی باندھنے کا نہیں کہا۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ڈرائیور نے چوراہے پر گاڑی گھمائی جس کی وجہ سے ساتھ والی سیٹ پر بیٹھا ہوا شخص دروازہ کھل جانے پر نیچے جاگرا۔ اس کے سر پر شدید چوٹ آنے سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
پراسیکیوشن نے ڈرائیور کو غفلت برتنے پر دس ہزار درھم جرمانہ اور لواحقین کو دو لاکھ درھم دیت ادا کرنے کا حکم صادر کیا تھا۔
مقدمہ کی سماعت کے دوران ٹریفک کورٹ نے ملزم سے واقعہ دریافت کیا جس پر اس نے بتایا وہ کمپنی کا ڈرائیور ہے جس کے ذمہ ہے کہ کمپنی کی ہیوی گاڑیوں کو ڈیزل فراہم کرے۔
ملزم کا مزید کہنا تھا وہ اپنی ڈیوٹی پر جارہا تھا کہ کمپنی کا سائٹ سپروائزر آیا اور گاڑی میں سوار ہو گیا اس کا کہنا تھا کہ تین کلومیٹر دور اس کی گاڑی کھڑی ہے وہاں اسے ڈراپ کردوں۔
سپروائزر کو لے کر روانہ ہوا تو راستے میں چوراہا آیا جہاں سے گھومنے کے دوران دروازہ اچانک کھل گیا۔
سپروائزر دروازے سے ٹیک لگائے بیٹھا تھا جس کی وجہ سے دروازے پر وزن بڑھ گیا اورجیسے ہی موڑ کاٹتے ہوئے دروازہ کھلا سپروائزر نیچے گرگیا۔
حادثہ پیش آتے ہی گاڑی روک لی اور وہاں موجود لوگوں کی مدد سے سپروائزر کو سائٹ میں لے گئے اور فوری طورپر ایمبولنس کو کال کیا جنہوں نے زخمی کا معائنہ کیا اور اسے طبی امداد فراہم کی۔
کورٹ نے ٹیکنیکل کمیٹی سے بھی رپورٹ طلب کی جس میں کہا گیا ڈرائیور کو چاہئے تھا کہ جب اس کی گاڑی کے دروازے کا لاک خراب ہے تو وہ سپروائزر کو خبردار کرے اور اسے سیٹ بیلٹ باندھنے کی تلقین کرے جو کہ اس نے نہیں کیا اس صورت میں وہ لاپرواہی کا مرتکب ہوا۔
عدالت میں ملزم کے اقبالی بیان اورٹیکنکل کمیٹی کی رپورٹ دیکھنے کے بعد عدالت نے بھی غفلت برتنے پر دس ہزار درھم جرمانہ اور دو لاکھ درھم دیت کا حکم صادر کردیا۔