سعودی عرب میں تعمیراتی ملبے کے استعمال سے پہلی سڑک کی تعمیر
2035 تک فضلے کی ری سائکلنگ کی شرح 60 فیصد تک پہنچانا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں روڈز جنرل اتھارٹی نےالاحسا میونسپلٹی اور نیشنل سیٹر فار ویسٹ منیجمنٹ کے تعاون سے اسفالٹ مکسچر میں ری سائیکل تعمیراتی ملبہ استعمال کرتے ہوئے پہلی سڑک کی تعمیر کا کامیابی سے آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ماحولیاتی پائیداری اور موثر انفرا سٹرکچر کی ترقی کے لیے ری ساائیکل تعمیراتی ملبے کا استعمال مملکت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
ری سائیکل تعمیراتی ملبے کا استعمال سرکلر اکانومی کی طرف منتقلی کا حصہ ہے جو وژن 2030 کے ہدف کے مطابق ہے جس کا مقصد 2035 تک اس طرح کے فضلے کی ری سائکلنگ کی شرح 60 فیصد تک پہنچانا ہے۔
روڈز جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے اس نے اسفالٹ اور بجری کی تہوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اپنے تحقیقی مرکز میں وسیع ریسرچ کی ہے۔
یہ اقدام نہ صرف فضلہ جمع ہونے کے ماحولیاتی اثرات کو کم کرتا ہے بلکہ خام مال پر انحصار بھی کم کرتا ہے۔
اس سے ماحولیاتی استحکام کو بڑھانے کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر اور دیکھ بھال کی لاگت بھی کم آتی ہے۔ یہ مملکت میں زیادہ پائیدار اور ماحول دوست سڑک کے شعبے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔