Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈچ پولیس نے ’بورس جانسن‘ کو نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے گرفتار کرلیا؟

ترجمان ڈچ پولیس کے مطابق ’شمالی نیدرلینڈز کے شہر گروننگن میں کار حادثے کے بعد واقعے کی تحقیقات کی گئیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ڈچ پولیس نے پیر کے روز نشے کی حالت میں ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا جس کے پاس سے برآمد ہونے والے ڈرائیونگ لائسنس پر سابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی تصویر اور اُن کی تاریخ پیدائش درج تھی۔
عرب نیوز نے برطانوی روزنامے ’دی ٹائم‘ کے حوالے سے بتایا کہ ’اس جعلی ڈرائیونگ لائسنس پر یوکرینی جھنڈے کی تصویر بھی تھی اور یہ 24 جولائی 2019 کو جاری کیا گیا تھا۔‘
یاد رہے کہ اسی روز بورس جانسن کنزرویٹیو پارٹی کی قیادت کا الیکشن بھی جیتے تھے۔ لائسنس کی میعاد دسمبر 3000 میں ختم ہوگی۔
لکسمبرگ میں مقیم صحافی کیزیا ہیکسٹر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’یوکرین میں سیاحوں کی دُکان سے جعلی ڈرائیونگ لائسنس خریدے جا سکتے ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جعلی ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے جرمنی کی سابق چانسلر اینجلا مِرکل اور یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کی مثالیں بھی موجود ہیں۔‘
جعلی شناخت کی ویب سائٹ ’فیک آئی ڈی ورلڈ‘ اس وقت جعلی ڈرائیونگ لائسنس کے عوض 159 پاؤنڈ (174.19 ڈالر) وصول کر رہی ہے۔
دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق ڈچ پولیس کے ترجمان تھائیس ڈیمسٹرا نے بتایا کہ ’اتوار اور پیر کی درمیانی شب شمالی نیدرلینڈز کے شہر گروننگن میں ایک کار حادثے کے بعد واقعے کی تحقیقات کی گئیں۔‘

شیئر: