ناٹنگھم ۔۔۔۔۔۔گاڑیوں میں پیٹرول کا استعمال بالعموم مہنگا ہونے کی وجہ سے عام لوگ اس کے متبادل کے طور پر ڈیزل کاا ستعمال کرتے ہیں جو زیادہ مصفا نہیں ہوتا اور اسی لئے اسکی قیمت بھی کم ہوتی ہے تاہم تازہ ترین تحقیق میں کہا گیا ہے کہ پہلے اس ایندھن کو اتنا نقصان دہ نہیں سمجھا جاتا تھا جتنا اب اسکے نقصانات سامنے آئے ہیں۔ تازہ ترین تحقیقی رپورٹ کے مطابق ڈیزل سے چلنے والی گاڑیا ں عام اندازے سے کہیں زیادہ نائٹروجن آکسائڈ گیس خارج کرتی ہیں جسکی وجہ سے سالانہ 38ہزار افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے جاری ہونے والی رپورٹ میں گزشتہ 23سال کے دوران ڈیزل گاڑیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا گیا ہے اوربتایاگیا کہ اس دوران مجموعی طور پر 183600اموات ہوئی ہیں جن میں سے 38ہزار اموات کو قبل از وقت قرار دیا جاسکتا ہے۔ رپورٹ میں حکام سے درخواست کی گئی ہے کہ قبل اس کے کہ ڈیزل کی ہلاکت آفرینی ناقابل گرفت حد تک بڑھ جائے اس پر قابو پانے کی موثر کوششیں کرنی چاہئے کیونکہ یہ آلودگی کا سب سے خطرناک ذریعہ ہے اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق فضائی آلودگی سے دنیابھر میں سالانہ 37لاکھ افراد ہلاک ہوتے ہیں۔