Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوجی تنصیبات پر حملے، عمران خان کا انکوائری کرانے کا مطالبہ

عمران خان نے کہا کہ پرامن احتجاج کرنا عوام کا آئینی حق ہے، ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں۔ (فوٹو: سکرین گریب)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت سرکاری عمارات اور کور کمانڈر کے گھر کو جلایا گیا۔
پیر کو ایک ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’جیل سے باہر آنے کے بعد مجھے تحقیقات کا وقت ملا ہے تو اب مجھے یہ ایک منظم سازش نظر آئی ہے جس کے تحت سرکاری عمارتیں جلائی گئیں، کور کمانڈر کا گھر جلایا گیا ہے۔ جو بھی مجھے پتہ چلا ہے کہ تخریب کاروں کو بندوقوں کے ساتھ بیچ میں ڈالا گیا، انہوں نے لوگوں کو اشتعال دلایا۔ ہمارے پاس بطور ثبوت ویڈیوز موجود ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ ایک آزادانہ انکوائری ہوں۔ کبھی بھی جج فیصلہ نہیں کرتا جب تک وہ دونوں طرف (کی بات) نہ سنے۔‘
’اس وقت الیکڑانک میڈیا پر یک طرفہ بیانیہ چل رہا ہے، یہ جو مافیا بیٹھا ہوا ہے جنہوں نے فائدہ اٹھایا بلکہ فوج مجھے پکڑ کر لے جا رہی ہے اور جس طرح مجھے پکڑا گیا، اس کا ردعمل آنا تھا۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سارا نزلہ تحریک انصاف پر گرایا ہے جبکہ اور لوگ تھے یہ سب کرنے والے، اور جب بھی آزادانہ انکوائری ہو گی ہمارے پاس ویڈیوز ہیں جو لوگ ان میں شامل تھے جنہوں نے منصوبہ بندی سے یہ سب کیا ہے۔‘
عمران خان کا یہ وضاحتی بیان کور سپیشل کور کمانڈرز کانفرنس کے جاری ہونے والے اعلامیے کے کچھ دیر بعد سامنے آیا ہے۔
پاکستان کی سپیشل کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا کہ نو مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کے خلاف متعلقہ پاکستانی قوانین، آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جس جماعت نے 27 سال میں کبھی کسی قسم کا انتشار نہیں پھیلایا، جس پارٹی نے جب اس کے چیئرمین کو قتل کرنے کےلیے گولیاں لگتی ہیں تو تب بھی کوئی توڑ پھوڑ نہیں کی کوئی جلاؤ گھیراؤ نہیں کیا، بلکہ میں نے ایک انٹیلجنس افسر کا نام بھی دیا تب تو کچھ نہیں ہوا تو اب یہ ایک دم کیا ہوا ہے؟
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ایک پلان ہے، لندن پلان جس کے تحت تحریک انصاف پر پابندی لگانی ہے اورعمران خان کو جیل میں ڈالنا ہے۔ ان کے لوگوں کو ہراساں کر کے جیلوں میں ڈالنا ہے خوفزدہ کرنا ہے تاکہ کوئی نکلے نہ، لیکن جو بھی یہ کر رہے ہیں آپ کو نہ تاریخ کا پتہ ہے نہ سیاست کا پتہ ہے، نہ آپ کو پتہ ہے کہ مشرقی پاکستان میں کیا ہوا کیونکہ مجھے یاد ہے کہ کیا ہوا تھا۔
’کیسے یہی کوشش کی گئی سب سے بڑی جماعت سے اور ملک کو تڑوا دیا گیا۔ آج اس سے بھی خطرناک کوشش کی جا رہی ہے تو میں اپنی ساری قوم کو کہتا ہوں کہ اسے آپ نے شکست دینی ہے۔‘
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ پرامن احتجاج کرنا آپ کا آئینی حق ہے، ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں۔ یہ جو کوشش کر رہے ہیں کہ ہم اتنے خوفزدہ ہو جائیں کہ یہ جو مرضی کریں اور ہم بس سہمے بیٹھے رہیں کہ یہ ہمیں جیل میں نہ ڈال دیں۔
’میری قوم غور سے سن لوں کہ یہ ہے وقت اپنی حقیقی آزادی لینے کا، اس کو ضائع نہ کرنا آگے ایسا وقت نہیں آئے گا۔‘

شیئر: