دو سال قبل عمران خان سے دوستی ختم ہو گئی تھی، جہانگیر ترین
9 مئی کو عمران خان کی گرفتار کے بعد ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پی ٹی آئی کے سابق رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ دو سال قبل عمران خان کے ساتھ سیاسی وابستگی اور دوستی ختم ہو گئی تھی۔
لاہور کے کورکمانڈر ہاؤس کے دورے کے موقعے پر جہانگیر ترین نے کہا کہ وہ جناح ہاؤس میں توڑ پھوڑ کی مذمت کرتے ہیں۔
اس سوال کے جواب پر کہ کیا آپ نئی جماعت بنانے جا رہے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ سیاسی باتیں کرنے کا موقع نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاجی مظاہرین کے ہاتھوں میں تحریک انصاف کے پرچم تھے اور ان میں سے کسی نے نہیں کہا کہ وہ کس کے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’خان صاحب سے نہ صرف سیاسی وابستگی تھی بلکہ دوستی بھی تھی لیکن وہ دو سال پہلے ختم ہو گئی۔ ان کی اپنی اپنی وجوہات تھیں۔‘
تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ اس پر تبصرہ نہیں کریں گے لیکن اس طرح کی حرکتوں اور تشدد پر پابندی ہونی چاہیے۔