Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخوپورہ میں پنجرہ ٹوٹنے پر چھ شیر بھاگ نکلے، ایک گھر میں گُھس گیا

شیر کو پکڑنے کی کوشش میں سرکس کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔ (فوٹو: سکرین شاٹ)
پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں شدید آندھی کے باعث سرکس کے شیروں کا پنجرہ گر کر ٹوٹ گیا اور شیروں کے باہر نکلنے پر پولیس اور انتظامی اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں۔
شیخوپورہ میں ہائی وے کالونی کے قریبی علاقے میں سرکس لگائی گئی تھی۔ منگل کی شام شدید آندھی کے باعث شیروں کا پنجرہ ٹرک پر سے نیچے گرنے کے بعد کھل گیا اور چھ شیر باہر نکل کر بھاگ گئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے دروازے بند کر لیے۔
ان میں پانچ ایک قریبی پلازے میں گھس گئے جن کو سرکس کے اہلکاروں نے گھیرا ڈال کر پکڑ لیا تاہم ایک شیر ہائی وے کالونی کے ایک گھر میں گھس گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور ریکسیو کے اہلکار حرکت میں آ گئے تاہم اس دوران شیر گھر کے اندر موجود ہی رہا۔
گھر والوں نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے شیر کے گھستے ہی خود کو کمروں میں بند کر دیا تھا اور شیر نے بھی غیرمتوقع طور پر کسی دروازے پر حملہ نہیں کیا۔

شیر گھس آنے کے بعد گھروالوں نے خود کو کمروں میں بند کر لیا تھا (فوٹو: سکرین شاٹ)

سرکس کے ملازمین نے بھی ٹیموں کا ساتھ دیا اور دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بالآخر شیر کو جال پھینک کر قابو کر لیا گیا۔
اس کارروائی کے دوران سرکس کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔
ضلعی انتظامیہ نے پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ کے باوجود علاقے میں سرکس لگانے کی اجازت دی تھی۔

شیئر: