Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خواب حقیقت بن گیا‘ پہلی سعودی خاتون خلا باز کا بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر استقبال

سعودی خلا بازوں کو لے جانے والے کیپسول کا دروازہ کھول دیا گیا ہے وہ ڈاکنگ کے بعد بین الاقوامی خلائی شٹیشن( آئی ایس ایس) میں داخل ہوگئے۔
الاخباریہ چینل کے مطابق پہلی سعودی خاتون خلا باز اور سائنسدان ریانہ برناوی اور ان کے ساتھی علی القرنی نے دو امریکیوں کے ہمراہ سپیس ایکس ڈریگن کیپسول کے ذریعے خلائی سفر مکمل کیا ہے۔
ناسا کے سابق خلا باز اور مشن کمانڈر وٹسن نے کہا کہ’ یہ ایک خوبصورت سفر تھا۔‘
سعودی خلا باز بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں داخل ہوئے جہاں پہلے سے وہاں موجود سات خلا بازوں، جن میں تین امریکی، تین روسی اور اماراتی ہیں، نے ان کا استقبال کیا۔
بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر سعودی خلا بازوں کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا۔ پہلی سعودی خاتون خلا باز ریانہ برناوی نے اس موقع پر کہا کہ ’خواب حقیقت بن گیا‘۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے اتوار کو اس وقت نئی تاریخ رقم کی جب پہلی سعودی خاتون خلا نورد ریانہ برناوی اور ان کے ساتھی علی القرنی سمیت چار خلا بازبین الاقوامی خلائی سٹیشن ( آئی ایس ایس) کے تاریخی سائنسی مشن پر روانہ ہوئے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی خلا بازوں کا سفر ایکسیوم سپیس 2 مشن کے ذریعے امریکی وقت کے مطابق پانچ بج کر 37 منٹ پر شروع ہوا۔
خلائی سٹیشن پر آٹھ دن قیام کے دورن خلا باز 20 تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔ ان میں سعودی سائنسدانوں کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
سعودی خاتون خلا باز اور بریسٹ کینسر ریسرچر ریانہ برناوی نے سعودی سپیس کمیشن کی نمائندگی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اس موقع کو ایک خواب قرار دیا تھا۔
امریکی خلائی ایجنسی ناسا، سپیس ایکس، ایکسیوم سپیسن اور سعودی خلائی ادارے نے اتوار کو امریکی شہر اورلینڈو میں پریس کانفرنس کے دوران سعودی خلائی ادارے کی کنسلٹنٹ انجینیئر مشاعل الشمیمری بھی موجود تھے۔

ناسا کے سابق خلا باز اور مشن کمانڈر وٹسن نے کہا کہ’ یہ ایک خوبصورت سفر تھا۔‘ (فوٹو: سعودی سپیس)

مشاعل الشمیمری نے اس یقین کا اظہار کیا تھا کہ ’سعودی خلا نورد بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں سائینسی مشن کامیابی سے انجام دیں گے۔‘
الاخباریہ چینل نے ایک وڈیو شیئر کیا ہے جس میں بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے کیپسول کے جڑنے کے تاریخی لمحے کا منظر دیکھا جاسکتا ہے۔ 
سعودی چینل پرلاکھوں سعودی شہریوں نے یہ تاریخی منظر براہ راست دیکھا۔ 
بین الاقوامی خلائی سٹیشن پرپہلے سے موجود خلا  نوردوں نے ریانہ برناوی اور علی القرنی کی تواضع کی اور ان کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔ 
امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے  دونوں سعودی خلا بازوں کو خلا نورد کا لوگودیا۔
سعودی خلا نورد علی القرنی نے اس تاریخی لمحے کے بارے میں اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’خدا کا شکر ہے کہ ہمیں یہ تاریخی لمحہ نصیب ہوا ہمیں خلائی مشن پر روانگی کے لمحے نے بھی لطف دیا۔‘   
بین الاقوامی خلائی سٹیشن سے ریانہ برناوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’ایک خواب تھا جوحقیقت بن گیا۔  ملکی قیادت نے خلائی شعبے میں ملک کو آگے لے جانے کے بارے میں سوچا۔ سعودی عرب ہی نہیں بلکہ پوری عرب دنیا  کے خواب لے کر یہاں پہنچی ہوں‘۔
سعودی خاتون خلا باز کا کہنا تھا کہ ’ہمارے یہاں خلائی وژن کے علمبردار قائد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ہیں۔ خلائی سٹیشن تک رسائی کا خواب قیادت کی سرپرستی کی بدولت ممکن ہوسکا‘۔ 
علی القرنی نے اس موقع پر سعودی قیادت، اہل خانہ اور اپنی اہلیہ کا مسلسل مدد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ’ یہ لمحہ ہمیشہ کے لیے تاریخ کا حصہ بن گیا ہے‘۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’خدا کا شکر ہے کہ ہمیں یہ تاریخی لمحہ نصیب ہوا۔ ہمیں خلائی مشن پر روانگی کے لمحے نے بھی لطف دیا۔‘ 

شیئر: