Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے،‘ ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر سمیع زین نے عمرہ ادا کر لیا

ڈبلیو ڈبلیو ای کا مین ایونٹ ’نائٹ آف دا چیمپیئنز‘ سعودی عرب کے شہر جدہ میں آج منعقد ہو رہا ہے۔ (فوٹو: سمیع زین/ٹوئٹر)
امریکہ میں ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) کے ریسلر سمیع زین نے سعودی عرب میں عمرہ ادا کیا ہے اور حرم میں اپنی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
جمعے کو سمیع زین نے ٹوئٹر پر دو تصاویر شیئر کی جس میں وہ کعبے کو عقیدت سے چھوتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’ایک پیشہ ور ریسلر اور ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ رہنے سے وہ ان مقامات پر بھی جاتے ہیں جن کے بارے میں انہوں نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اس وجہ سے مجھے ایک ایسی زندگی ملی ہے جس میں حسین تجربات شامل ہیں وہ بھی ایسے جن سے میں ہمیشہ لُطف اندوز ہوں گا۔‘
انہوں نے حرم کا حوالے دیتے ہوئے لکھا کہ ’الحمد اللہ یہ (کعبہ) ان مقامات کی فہرست میں سب سے اوپر ہے۔‘
واضح رہے ڈبلیو ڈبلیو کا مین ایونٹ ’نائٹ آف دا چیمپیئنز‘ سعودی عرب کے شہر جدہ میں آج منعقد ہو رہا ہے جہاں ڈبیلیو ڈبلیو ای کے دیگر بڑے ریسلرز کے ساتھ سمیع زین بھی ایکشن میں نظر آئیں گے اور ان کا اور ان کے پارٹنر کیون اوونز کا مقابلہ ’ان ڈسپیوٹڈ چیمپیئن‘ رومن رینز کی ٹیم سے ہوگا۔
اڑتیس سالہ کینیڈین ریسلر کی ایک ویڈیو ڈبلیو ڈبلیو ای نے اپنے یوٹیوب چینل پر بھی اپلوڈ کی ہے جس میں انہیں جذباتی انداز میں گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سمیع زین کا کہنا تھا کہ ’میری تو سمجھ میں ہی نہیں آ رہا کہ میں یہاں موجود ہوں۔ اسے لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔‘
ویڈیو میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریسلر کو کعبہ کے گرد طواف کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ عمرے کی ادائیگی کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے ایک جذبات سے بھرپور دن تھا اور اس وقت میں بس خود کو بہت شُکر گزار محسوس کر رہا ہوں کہ مجھے یہ (عمرہ) کرنے کا موقع ملا۔‘

شیئر: