Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راولپنڈی میں مبینہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ، سیشن جج ہلاک

پولیس کے مطابق گھر میں گھُسے والے ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کی۔ فائل فوٹو: شٹرسٹاک
راولپنڈی پولیس کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے علاقے میں ایک گھر میں مبینہ ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق منگل کو علی الصبح تھانہ روات کے علاقے میں واقع بحریہ ٹاؤن کے فیز8 کے ایک گھر میں ڈاکو گھُس گئے جن کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈاکوؤں نے گھر کے اندر فائرنگ کی جس سے ایک شخص سردار امجد اسحاق شدید زخمی ہو گئے جو بعد ازاں ہسپتال لے جاتے ہوئے جانبر نہ ہو سکے۔
ڈاکوؤں نے امجد اسحاق کے بیٹے کو اغواء کرنے کی کوشش کی تو مزاحمت کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا جسے بعد میں پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ہلاک ہونے والے گھر کے مکین کی شناخت بعد ازاں پاکستان کے زیرِانتظام کشمیر کے شہر میرپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج سردار امجد اسحاق کے طور پر ہوئی۔
پولیس نے بتایا کہ لاش کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق امجد اسحاق کمر کے آپریشن کے بعد مظفرآباد ہائی کورٹ میں تعینات تھے۔ اُن کا تعلق راولاکوٹ کے علاقے ہرنہ میرا کوٹیڑا سے تھا۔
مقتول کی عمر 50 برس کے تھی۔
چند برس قبل پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے ایک اور سول جج یوسف ہارون کے ساتھ بھی اسی قسم  کا واقعہ راولپنڈی پیش آیا تھا۔
جج یوسف ہارون کا بیٹا راولپنڈی سے اغواء کر لیا گیا تھا جس کا آج تک سراغ نہیں مل سکا۔

شیئر: