امارات کے صدر سے سعودی مجلس شوری کے سربراہ کی ملاقات
امارات کے صدر سے سعودی مجلس شوری کے سربراہ کی ملاقات
منگل 6 ستمبر 2022 19:47
شاہ سلمان اور ولی عہد کی طرف سے خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے ہیں( فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے منگل کو قصرالبحرکے ایوان میں سعودی مجلس شوری کے صدر شیخ ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ نے ملاقات کی ہے۔
ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ ان دنوں اماراتی قومی اسمبلی کے سربراہ کی سرکاری دعوت پر ابوظبی میں ہیں۔ ان کے ہمراہ مجلس شوری کے ارکان کا وفد بھی ہے۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق شیخ محمد بن زاید نے سعودی مجلس شوری کے سربراہ کا خیر مقدم کیا۔
ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کی طرف سے انہیں خیرسگالی کے پیغامات پہنچائے سعودی قیادت نے امارات اور اس کے عوام کے لیے مزید ترقی و خوشحالی و نیک خواہشات کا پیغام بھیجا ہے۔
امارات کے صدر نے شاہ سلمانبن عبدالعزیز، ولی عہد اور سعودی برادر عوام کے لیے خیر سگالی کا جوابی پیغام حوالے کیا۔
امارات کے صدر اور سعودی مجلس شوری کے سربراہ نے دونوں ملکوں اور ان کے عوام کو جوڑنے والے مضبوط برادرانہ تعلقات پر دوستانہ ماحول میں تبادلہ خیال کیا ہے۔
قبل ازیں سعودی مجلس شوری کے صدر شیخ ڈاکٹرعبداللہ آل الشیخ نے منگل کو ابوظبی میں متحدہ عرب امارات کی وفاقی قومی اسمبلی کے سربراہ صقر غباش سے ملاقات کی۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب، امارات اور ان کے قائدین کے درمیان مضبوط سٹراٹیجک تعلقات کے حوالے سے مختلف علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
باہمی دلچسپی کے امور پر موثر تعاون پرغور کیا۔ سعودی مجلس شوری اور امارات کی قومی اسمبلی کے درمیان تمام بین الاقوامی وعلاقائی مسائل پر تعاون اور مشترکہ پارلیمانی جدوجہد کے فروغ کے لیے کام کرتے رہنے پر زور دیا گیا۔
سعودی صدر شوری نے کہا کہ’ دونوں ملکوں کے تعلقات گہرے اورتاریخی ہیں اوریہ تعلقات مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں‘۔
انہوں نے امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی سیاسی فراست اور وسیع سیاسی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’خطے کے متعدد مسائل کے حل میں انہوں نے سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے‘۔
اماراتی قومی اسمبلی کے سربراہ صقرغباش نے کہا کہ ’امارات اور سعودی عرب کے تعلقات مستحکم اور تاریخی ہیں۔ باہمی تعلقات دو برادر ریاستوں کے درمیان رشتوں کے حوالے سے منفرد مثال ہیں‘۔
امارات کی قومی اسمبلی کے سربراہ نے سعودی مجلس شوری کے صدر اور ان کے ہمراہ وفد کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ بھی دیا۔