Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن میں سعودی عرب اور امریکہ کی مشترکہ مشقیں

مشترکہ مشقیں ’عقابی عزم 23‘ کے عنوان سے ہورہی ہیں ( فوٹو: ٹوئٹر وزارت دفاع)
سعودی عرب اور امریکی فورسز نے  بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے اسلحہ کے فرضی حملے سے بچاؤ کی مشقیں کی ہیں۔ 
وزارت دفاع نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ یہ مشقیں ’عقابی عزم 23‘ کے عنوان سے ہورہی ہیں۔ 
سعودی عرب اور امریکہ نے 28 مئی کو مملکت کے مشرقی ریجن میں ایئر وار سینٹر میں مشقوں کا آغاز کیا تھا۔  
فوجی مشقیں سعودی عرب کی قیادت میں ہورہی ہیں۔ ان میں خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک اور امریکی افواج کے بری دستے شامل ہیں۔ 
سعودی وزارت دفاع نے بیان میں کہا کہ ’مشقوں کا مقصد میزائل حملے اور فضائی دفاع کے سلسلے میں تجربات کا تبادلہ اورعسکری تعاون بہتر بنانا ہے‘۔
’یہ مشقیں مشترکہ فوجی آپریشن کے لیے  تعاون مضبوط بنانے، مشترکہ منصوبہ بندی اور مشترکہ آپریشن کو بہتر بنانے کے لیے کی جارہی ہیں‘۔ 
 سعودی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر عقاب المطیری نے کہا کہ’ شریک فوجی دستے متعدد فرضی حملوں سے بچاؤ کی مشق کررہے ہیں‘۔ 
 ’میزائل حملوں، جوابی فضائی حملوں، دوران پرواز طیاروں میں فیول بھرنے،جوابی بحری حملے ، الیکٹرانک جنگ، سمندری یلغار، بڑے پیمانے پرر تباہی پھیلانے والے اسلحہ سے بچاؤ اور متاثرین کی مدد کی مشقیں کی جارہی ہیں‘۔ 

شیئر: