سعودی بحریہ کی وزارت داخلہ اور توانائی کے ساتھ مشترکہ مشقیں
سعودی بحریہ کی وزارت داخلہ اور توانائی کے ساتھ مشترکہ مشقیں
جمعہ 6 جنوری 2023 23:56
بحری مشقیں الجبیل کے کنگ عبدالعزیز سی بیس میں کی گئی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی رائل نیول فورسز کے ایسٹرن فلیٹ نے وزارت داخلہ اور وزارت توانائی کی شراکت سے ’تصدی 5‘ (مقابلہ 5) کے عنوان سے بحری مشقیں مکمل کی ہیں۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق بحری مشقیں جو مشرقی ریجن میں الجبیل کے کنگ عبدالعزیز سی بیس میں کی گئی ہیں۔ کوسٹ گارڈ، سعودی آرامکو اور آرامکو الخلیج کمپنیوں کے اہلکار شریک ہوئے۔
’تصدی 5‘ فوجی مشقوں کا مقصد سمندری مواصلاتی لائنوں کا تحفظ ، تیل تنصیبات پو درپیش خطرات سے نمٹنا، جہاز رانی کا تحفظ اور مشقوں میں شریک دستوں کے درمیان اتحاد کو فروغ دینا تھا۔
مشقوں کے تحت متعدد لیکچرز کا انعقاد کیا گیا۔ سمندر کی سطح پر تیرنے والی بارودی سرنگوں سے نمٹنے کی مشق کی گئی۔ تیل تنصیبات اور آئل فیلڈز کے دفاع کی حربی کارروائی کی گئی۔ علاوہ ازیں بغیرپائلٹ والی کشتیوں اور ڈرونز سے نمٹنے کے طریقے آزمائے گئے۔
تصدی فائیو بحری مشقوں کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر خالد الشمری نے کہا کہ’ مشقوں کا مقصد تمام دستوں کی حربی استعداد بڑھانا اور مشترکہ طریقہ کار کے مطابق جنگ میں حصہ لینا تھا‘۔