Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مصر:  آئل ٹینکر میں فنی خرابی سے نہر سویز میں ٹریفک معطل

عالمی تجارت کا تقریباً 10 فیصد اس راستے سے گزرتا ہے جو آمدن کا بڑا ذریعہ ہے۔ فوٹو اے پی
مصر کی نہر سویز نہر میں سمندری آئل ٹینکر کے  انجن کی خرابی  کے باعث یہ اہم  آبی گزرگاہ  میں ٹریفک کی روانی مختصر عرصے کے لیے تعطل کا شکار ہو گئی۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ عالمی آبی گزرگاہ نہر سویز کی اتھارٹی نے بتایا ہے کہ اتوار کو خام تیل سے لدے ایک بحری جہاز کو انجن میں فنی خرابی کے باعث بحری راستے میں رکنا پڑا۔

2022 میں نہر سویز سے ہونے والی آمدنی 8 بلین ڈالر رہی۔ فوٹو عرب نیوز

مصر کی سویز کینال اتھارٹی کے ترجمان جارج صفوت نے بتایا ہے کہ ریاست مالٹا کے جھنڈے والے آئل ٹینکر سیویگور کو بحیرہ روم سے بحیرہ احمر تک بنائے گئے آبی راستے میں 12 کلومیٹر کے نشان پر سنگل لین والے حصے میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔
سویز کینال اتھارٹی کے سربراہ ایڈمرل اسامہ ربیعی نے مقامی ٹیلی ویژن سٹیشن کے ساتھ  فون انٹرویو میں بتایا کہ آبی گزرگاہ میں ٹینکر کے رکنے سےاس کے پیچھے آٹھ دیگر بحری جہازوں کی آمدورفت میں خلل پڑا۔
اسامہ ربیعی نے مزید بتایا کہ  تین ٹگ بوٹس کی مدد سے آئل ٹینکر کو 17 کلومیٹر کے نشان پر سویز کینال کے ڈبل لین والے حصے تک پہنچایا گیا تا کہ ٹریفک کی روانی برقرار کی جا سکے۔
سویز کینال اتھارٹی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ جہاز کا عملہ  تاحال فنی خرابی کو دور کرنے میں مصروف عمل ہے۔

گزشتہ سال نہر سویز سے 23851 بحری جہاز گزرے تھے۔ فوٹو ٹوئٹر

میرین ٹریفک کے بارے میں باخبر رکھنے اور دیگر سروسز فراہم کرنے والی کمپنی نے بتایا ہے کہ سیویگور جہاز 2016 میں بنایا گیا جو کہ 274 میٹر لمبا اور 48.63 میٹر چوڑا ہے۔
واضح رہے کہ  نہر سویز1869میں کھولی گئی جو خام تیل، قدرتی گیس اور کارگو کے لیے ایک اہم آبی گزرگاہ ہے۔
عالمی تجارت کا تقریباً 10 فیصد اس راستے سے گزرتا ہے جو کہ مصر کی حکومت کے لیے آمدن کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔
سویز کینال اتھارٹی کے مطابق گزشتہ سال آبی گزرگاہ سے 23851 بحری جہاز گزرے جبکہ 2021 میں یہ تعداد 20649 ریکارڈ کی گئی جب کہ 2022 میں نہر سویز سے ہونے والی آمدنی 8 بلین ڈالر تک پہنچ گئی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

شیئر: