جہاز پھنسنے کے بعد مصر کا نہر سویز کو کشادہ کرنے پر غور
دنیا کی کل تجارت کا تقریباً 12 فیصد نہر سویزکے راستے سے ہوتی ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
نہر سویز میں حال ہی میں دیوہیکل تجارتی جہاز کے پھنسنے اور کئی دنوں تک بحری ٹریفک معطل رہنے کے بعد مصر دنیا کی مصروف ترین تجارتی گزر گاہ کے شپنگ چینل کو وسعت دینے پر غور کررہا ہے۔
العربیہ کے مطابق سویز کنال اتھارٹی کے چیئرمین اسامہ ربی کا کہنا ہے کہ نہر سیویز کے شپنگ چینل کو کشادہ کرنے پر غور ہورہا ہے۔
اسامہ ربی کا کہنا تھا کہ نہر سویز کی بندش سے ہونے والے نقصانات اور ہرجانے کی مالیت ایک بلین ڈالرز تک پہنچ سکتا ہے۔
کنال اتھارٹی کے ریسکیو آپریشن میں کام کرنے والے دو اہلکاروں کے مطابق نہر میں پھنسنے والے ایور گیون جہاز کے کپتان نے غلطی کی جس کے بعد جہاز اپنے راستے سے ہٹ گیا اور کنارے میں پھنس گیا۔
ریکسیو اہلکاروں کے مطابق جہاز کے غلط مومنٹ کے ساتھ تیز ہو اور گرد و غبار کا طوفان بھی اٹھ گیا جس کی وجہ سے حد نظر ختم ہوگئی اور جہاز راستے سے بھٹک گیا۔
ان کے مطابق اسی موسمی حالات میں تقریبا 12 جہاز نہر سویز سے گزر گئے تھے تاہم تیز ہوا اور طوفان سے انہیں کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا۔
دیوہیکل کنٹینر شپ کو کنال سے پیر کو نکالا گیا اور اسے شمال کی طرف لے جا کر نہر سے باہر نکالا گیا تاکہ کسی اسے پہنچنے والے کسی ممکنہ نقصان کا معائنہ کیا جاسکے۔
نہر سویز سے تقریباً دنیا کی تجارت کا 12 فیصد گزرتا ہے۔ کنال اتھارٹی کے چیئرمین کے مطابق نہر سویز میں بحری ٹریفک پیر یا منگل تک معمول پر آجائے گی۔