Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان سیاسی جماعتوں سے معافی مانگ لیں: گورنر خیبر پختونخوا

گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ کچھ نہیں بگڑے گا اگر عمران خان کچھ دن جیل میں گزار لیتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
خیبرپختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ اب بھی وقت ہے کہ عمران خان سیاسی جماعتوں اور قوم سے معافی مانگ لیں۔
بدھ کو اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ ’ہم سیاست میں انتقام کے حامی نہیں۔ آج جو بھی تحریک انصاف کے ساتھ ہو رہا ہے یہ مکافات عمل ہے۔ ‘
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ سیاسی جماعتوں کو برا بھلا کہا اور ان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا۔
’کیوں عمران خان جیل سے ڈر رہے ہیں۔ کچھ نہیں بگڑے گا اگر وہ کچھ دن جیل میں گزار لیتے ہیں۔ کیا شریف برادران اور آصف علی زرداری نے جیل کی صعوبتیں برداشت نہیں کیں؟‘
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ آج عمران خان مذاکرات کرنا چاہ رہے ہیں لیکن کوئی ان کو نہیں سن رہا اور اب تو صورتحال یہ ہے کہ ان کی مذاکراتی ٹیم خود بھاگ گئی۔
حاجی غلام علی نے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کو کئی بار سمجھایا کہ خیبر پختونخوا کی اسمبلی کو نہ توڑے لیکن ان کی ایک بھی نہ سنی گئی اور وہ آج پچھتا رہے ہیں۔
گورنر حاجی غلام علی کے مطابق ’ہم نے 9 مئی کے واقعات کے بعد پولیس پر گرفتاریوں کے لیے زور نہیں دیا اور نہ میں اس قسم کی سیاست کرتا ہوں، جو رہنما روپوش ہیں تو میں ان سے کہوں گا کہ وہ واپس آ جائیں اور عدالت کا سامنا کریں اگر بے قصور ہیں تو باہر آجائیں گے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’عمران خان کا وژن کھل کر سامنے آگیا ہے۔ نوجوانوں کو پتا چل گیا ہے کہ ملکی سالمیت کس جماعت کو عزیز ہے۔‘

گورنر حاجی غلام علی کے مطابق انہوں نے 9 مئی کے واقعات کے بعد پولیس پر گرفتاریوں کے لیے زور نہیں دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا مزید کہنا تھا کہ کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں بے تحاشا سیاسی بھرتیاں ہوئیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں 140 لوگوں کے لیے 945 ملازمین کام کر رہے ہیں۔ کیا خزاںے پر ان کا بوجھ نہیں پڑتا؟
انہوں نے مزید بتایا کہ سوات یونیورسٹی میں ایسے افراد بھرتی کیے گئے جنھوں نے ڈیوٹی تک جوائن نہیں کی اور وہ تنخواہ وصول کر رہے ہیں۔
میں نے وائس چانسلر کو خط لکھ کر صاف کہہ دیا کہ ایسے ملازمین کی تنخواہیں میں آپ سے وصول کروں گا۔‘
انہوں نے صوبے کے مالی بحران کا الزام سابق صوبائی حکومت پر لگاتے ہوئے کہا کہ دس سال صوبے پر حکومت پی ٹی آئی نے کی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید بتایا کہ وفاق سے صوبے کے بقایا جات کے لیے بات چیت چل رہی ہے اور جون کے آخر تک پیسے مل جائیں گے۔

شیئر: