نیب میں چار گھنٹے تفتیش کے بعد عمران خان لاہور روانہ
نیب میں چار گھنٹے تفتیش کے بعد عمران خان لاہور روانہ
جمعرات 8 جون 2023 20:30
بشیر چوہدری -اردو نیوز، اسلام آباد
عمران خان نیب راولپنڈی میں بھی پیش ہوئے اور 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں سوالوں کے جوابات دیے (فوٹو: عمران خان فیس بُک)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان 11 مقدمات میں ضمانت اور نیب میں تفتیش کے بعد لاہور واپس روانہ ہوگئے ہیں۔
عمران خان جمعرات کو تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکندر خان کی عدالت میں پیش ہوئے۔
سابق وزیراعظم کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کے روبرو کہا کہ درخواست ہے کہ میرے موکل کو 19 جون تک ضمانت دی جائے۔
وکیل سلمان صفدر کے مطابق اس کیس میں دفعہ 109 کا الزام ہے۔ آئی او کو ہدایت کی جائے کہ وہ سکیورٹی خدشات کو مدِنظر رکھتے ہوئے شامل تفتیش کریں۔
اس موقع پر جج سکندر خان نے کہا کہ سکیورٹی کی وجہ ہی سے آج اس عدالت کو جوڈیشل کمپلیکس منتقل کیا گیا ہے۔
بعدازاں عدالت نے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 19 جون تک عمران خان کی ضمانت منظور کرلی۔
علاوہ ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے دیگر 9 مقدمات میں سابق وزیراعظم کی 5 روز کے لیے حفاظتی ضمانت بھی منظور کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کو 12 جون تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم بھی دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں وکیل کے قتل کے الزام میں دائر مقدمے میں عمران خان کی دو ہفتے کی حفاظتی ضمانت بھی منظور کی۔
بعدازاں عمران خان نیب راولپنڈی میں پیش ہوئے اور نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں سوالوں کے جوابات دیے۔
یہ عمران خان کی نیب میں دوسری پیشی تھی۔ عمران خان پیشی کے بعد واپس لاہور روانہ ہوگئے۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے خلاف 14 جون تک کسی قسم کی کارروائی کرنے کے حکم امتناعی میں توسیع بھی کی تھی۔