سوڈان میں متحارب فریق چوبیس گھنٹے کی جنگ بندی پر متفق، سعودی عرب اور امریکہ کا بیان
فریقین نے کسی رکاوٹ کے بغیر انسانی امداد کی فراہمی پر بھی اتفاق کیا (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عدرب اور امریکہ نے جمعے کو کہا ہے کہ’ سوڈان میں متحارب فریقین تمام علاقوں میں چوبیس گھنٹے کی جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں۔ عمل درآمد سنیچر کی صبح چھ بجے سے ہوگا‘۔
سرکاری خبررساں ادارے اایس پی اے کے مطابق سعودی عرب اور امریکہ نے بیان میں کہا کہ ’سوڈانی آرمڈ فورسز( ایس اے ایف) اور ریپڈ سپورٹ فورسز( آر ایس ایف ) کے نمائندوں نے چوبیس گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ عمل درآمد خرطوم کے مقامی وقت کے مطابق سنیچردس جون 2023 کو صبح چھ بجے سے ہوگا‘۔
اس سمجھوتے کے تحت فریقین فوجی دستوں کی ممنوعہ نقل وحرکت، طیاروں یا ڈرونز کے استعمال، توپخانے اور فضائی حملوں ، فوجی دستوں کی کمک اورتنظمیم نو سے گریز کریں گے۔ جنگ بندی کے دوران کوئی عسکری امتیاز حاصل کرنے کی کوشش نہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
فریقین نے ملک بھر میں کسی رکاوٹ کے بغیر انسانی امداد کی فراہمی پر بھی اتفاق کیا۔
اس معاہدے کی پابندی کا متاثرین کو فائدہ ہوگا۔ انہیں بنیادی ضروریات کا سامان فراہم ہوسکے گا۔
سعودی عرب اور امریکہ نے بیان میں کہا کہ ’جنگ بندی کے سابقہ سمجھوتوں کی پابندی نہ کرنے پر سوڈانی عوام کو جو دکھ ہے اس میں وہ برابر کے شریک ہیں’۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اسی بنیاد پر نئی جنگ بندی تجویز کی گئی تاکہ انسانی امداد کی ترسیل میں آسانی ہوجائے اور تشدد کا زور ٹوٹے اور فریقین کے درمیان اعتماد کا رشتہ بحال ہو۔ اس تناظر میں فریقین جدہ مذاکرات دوبارہ شروع کریں‘۔
امریکہ اور سعودی عرب نے کہا کہ ’اگر سوڈان کے متحارب فریقوں نے نئی جنگ بندی کی پابندی نہ کی تو سہولت کار جدہ مذاکرات ملتوی کردیں گے‘۔