Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی عرب اور امریکہ سوڈان مذاکرات کی بحالی کے خواہاں‘

جدہ میں ہونے والی بات چیت کے بعد 20 مئی کو جنگ بندی پر اتفاق ہوا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی وزارت خارجہ نے جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ مملکت اور امریکہ سوڈانی مسلح افواج اور ریپڈ سپورٹ فورسز کے وفود کے درمیان باضابطہ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے خواہشمند ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب اور امریکہ سوڈان کے عوام کے ساتھ  ثابت قدمی سے کھڑا ہے اور تمام فریقین پر زور دیتا ہے کہ وہ نئی جنگ بندی پر متفق ہوں اور مؤثر طریقے سے اس پر عمل درآمد کریں۔‘
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ سوڈانی متحارب عسکری دھڑوں کے وفود ابھی بھی جدہ میں موجود ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر مذاکرات میں شریک ہوتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’اس بات چیت کا مقصد انسانی امداد کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ جدہ مذاکرات شروع ہونے سے پہلے ایسے معاہدے پر اتفاق کرنا ہے جس میں فریقین کی جانب سے قریب المدتی اقدامات طے ہوں۔‘
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ’سہولت کار رسمی بات چیت دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہیں اور فریقین کو یاد دلاتے ہیں کہ انہیں 11 مئی کے جدہ اعلامیے کے تحت سوڈان کے شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔‘
سوڈانی متحارب دھڑوں نے جدہ میں ہونے والی بات چیت کے بعد 20 مئی 2023 کو جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔
لیکن اس کے بعد سوڈان کے دارالحکومت میں شدید جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں جبکہ دوسرا جنگ بندی کا معاہدہ 3 جون کو ختم ہو گیا تھا۔

شیئر: