سمندری طوفان ’بائپرجوائے‘ کا رُخ انڈیا کی طرف، سات ریاستوں میں الرٹ جاری
سمندری طوفان ’بائپرجوائے‘ کا رُخ انڈیا کی طرف، سات ریاستوں میں الرٹ جاری
ہفتہ 10 جون 2023 8:37
وارننگ کے بعد سیاحتی بیچز کو 14 جون تک بند کر دیا گیا ہے (فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈیا میں سمندری طوفان کا الرٹ کیا گیا ہے جس سے سات ریاستوں میں نقصان ہو سکتا ہے۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان میں سنیچر کی صبح تیزی دیکھی گئی ہے جس میں مزید اضافہ بھی ہو رہا ہے۔‘
حکام کے مطابق ’بائپر جوائے نامی طوفان کے باعث انڈیا کے جنوبی علاقوں میں شدید بارشیں بھی ہوں گی جن کا سلسلہ چار روز تک جاری رہ سکتا ہے۔‘
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت طوفان گووا شہر کے مغرب میں 690 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور مہاراشٹر کے علاوہ ممبئی کے قریبی اضلاع کے لیے انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
’اگلے 48 گھنٹے کے دوران ممبئی اور مہاراشٹر میں بارش ہو گی۔ ممبئی میں بارش کی شدت کم ہو گی تاہم اس کے قریبی اضلاع میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔‘
کیرالہ ریاست کے لیے ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے جس کا مطلب یہ ہے اس کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔
حکام کے مطابق سمندر میں بننے والا طوفان انڈیا کی طرف آنے والی ہواؤں میں تیزی لا رہا رہے جس سے ہوا میں نمی بڑھ رہی ہے اور بادل بھی آ رہے ہیں۔
اس وقت کیرالہ میں شدید گرمی پڑ رہی ہے اس لیے امکان یہی ہے کہ آج گردآلود ہوائیں چلیں گی جبکہ اس کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گا۔
وارننگ جاری ہونے کے بعد گجرات کے مشہور سیاحتی مقام کی ٹیتھل بیچ کو 14 جون تک بند کر دیا گیا ہے۔
گجرات کے علاقے ولسد کے تحصیلدار ٹی سی پٹیل نے اے این آئی کو بتایا کہ ’ہم نے مچھیروں کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سمندر میں جانے کی کوشش نہ کریں جبکہ ہنگامی صورت حال میں سمندر کے قریب رہنے والے لوگوں کو فوری طور پر دیگر علاقوں کی طرف منتقل کرنے کی تیاری بھی کر لی ہے۔
اسی طرح محکمہ موسمیات نے کیرالہ، کرناٹک کے مچھیروں کو بھی سمندر میں جانے سے منع کر دیا گیا ہے جبکہ جو سمندر میں موجود ہیں ان کو بھی ہنگامی طور پر واپس بلا لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی گجرات میں اتوار یا پیر کو سائیکلوں کے اثرات ظاہر ہوں گے اس وقت صورت حال معمول کے مطابق ہے۔
سورت کے کلکٹر بی کے وساوا نے صحافیوں کو بتایا کہ سٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی جانب سے بھی امدادی ٹیمیں تیار کر لی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹا جا سکے۔
سمندری طوفان کی وجہ سے ہواؤں کی رفتار 45 سے 55 ناٹس تک پہنچنے کا امکان ہے تاہم بعض علاقوں میں یہ 65 تک بھی جا سکتا ہے اور یہ سلسلہ آج سے شروع ہو کر 12 جون تک جائے گا۔