کاروباری شعبوں کی ملازمتوں میں سعودائزیشن کا پہلا مرحلہ
بارہ ہزار سے زیادہ سعودیوں کو ملازمت کے مواقع فراہم ہوں گے (فوٹو الاقتصا دیہ)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ ’ پیر 12 جون 2023 سے سات کاروباری سرگرمیوں میں سیلز پوائنٹس اور گاڑیوں کے سالانہ انسپیکشن ادارے کی ملازمتوں کی سعودائزیشن کا پہلا مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے دی گئی مہلت گزشتہ روز ختم ہوگئی۔
وزارت کا کہنا ہے کہ’ شہری دفاع کے آلات کی شاپس، لفٹ، ایسکیلیٹر، کنویرنگ بیلٹ کی شاپس، مصنوعی جڑی بوٹیوں اور سوئمنگ پول، واٹر فلٹر اور نیوی گیشن ڈیوائسز کے آؤٹ لیٹس میں 70 فیصد سعودائزیشن ہوگی‘۔
علاوہ ازیں الیکٹرک چیئر، کیٹرنگ، ایئرگن شکار اور سفری لوازمات، پیکنگ کے آلات فروخت کرنے والی دکانوں کی بھی 70 فیصد تک سعودائزیشن ہوگی۔
ان کاروباری سرگرمیوں میں برانچ مینجر، سپروائزر، کیشیئر، خزانچی اور کسٹمر سروس فراہم کرنے والے سعودی ہوں گے۔
اس فیصلے سے بارہ ہزار سے زیادہ سعودیوں کو ملازمت کے مواقع فراہم ہوں گے۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے بیان میں کہا کہ ’گاڑیوں کے سالانہ ٹیکنیکل انسپیکشن کرنے والے اداروں کی سعودائزیشن دو مراحل میں ہوگی‘۔
’پہلے مرحلے میں پچاس اور دوسرے مرحلے میں سو فیصد سعودی تعینات ہوں گے‘۔
سٹیشن مینج، معاون مینجر، کوالٹی مینجر، مالیاتی سپروائز، سٹیشن سپروائزر، ٹریک سربراہ، انسپیکشن ٹیکنیشن، معاون انسپیکشن ٹیکنیشن، مینٹیننس ٹیکنیشن، انفارمیشن ٹیکنیشن اور آپریٹر سعودی تعینات ہوں گے۔ اس سے پانچ ہزار سعودیوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔