سعودی خواتین گاڑیوں کی مرمت کریں گی، تربیتی پروگرام کا آغاز
سعودی خواتین گاڑیوں کی مرمت کریں گی، تربیتی پروگرام کا آغاز
منگل 13 جون 2023 5:35
پروگرام کا دائرہ دیگر علاقوں میں بھی پھیلایا جائے گا۔ (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں ٹیکنالوجی کالج اور ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن کے ماتحت ثانوی صنعتی ادارے نے کہا ہے کہ ’سعودی خواتین کو گاڑیوں کی مرمت کا تربیتی پروگرام کرایا جائے گا۔‘
الوطن اخبار کے مطابق شمالی حدود ریجن میں رفحا اور عرعر نیز مدینہ ریجن کی العلا کمشنری میں سعودی خواتین کو گاڑیوں کی مینٹینس کا تربیتی پروگرام کرایا گیا ہے جس میں کامیابی ہوئی ہے۔ اب اس کا دائرہ وسیع کر کے دیگر علاقوں میں بھی پھیلایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’اس پروگرام کا مقصد خواتین کو ٹیکنالوجی کے تمام شعبوں میں خودمختار بنانا اور گاڑیوں کی اصلاح و مرمت کے تمام کام سکھانا ہے‘۔
پروگرام کے تحت خواتین کو بریک سسٹم، لائٹ کے نظام، گاڑیوں کی بیٹری، الیکٹرانک سسٹم، انواع و اقسام کے ٹائر، انجن کو ٹھنڈا کرنے والے نظام اور موبیل آئل تبدیل کرنے سمیت تمام امور سکھائے جا رہے ہیں۔
ٹریننگ پروگرام کے لیے ماہر اور اعلی سند یافتہ ٹرینرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ٹریننگ پروگرام میں شریک کئی خواتین نے کہا ہے کہ ’ وہ ٹریننگ کے بعد گاڑیوں کی معمولی خرابی کی نشاندہی کامیابی سے کر سکتی ہیں‘۔
ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن نے تعلیمی اور تربیتی خدمات کا معیار بہتر بنانے کے لیے 6 انٹرنیشنل ٹیکنالوجی کالجوں کی نجکاری کی کارروائی شروع کی ہے۔
ریاض کا انٹرنیشنل ہوٹلنگ کالج، الخبر کاانٹرنیشنل ٹیکنالوجی گرلز کالج، مکہ مکرمہ کا انٹرنیشنل گرلز کالج، اسی طرح قطیف،جدہ اور مدینہ منورہ کے ٹیکنالوجی کالج اس پروگرام کے لیے مختص کیے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں