Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب ہر سال 10 فروری کو عرب النسل تیندوے کا عالمی دن منایا جائے گا

سال 2022 میں سعودی عرب نے دس فروری عرب چیتے کا دن قرار دیا تھا۔ فوٹو: عرب نیوز
اقوام متحدہ نے دس فروری کو عرب تیندوے کا عالمی دن قرار دینے کی قراردار اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق معدومیت کے خطرے سے دوچار عرب النسل کے 200 سے بھی کم تیندوے جنگلات میں باقی رہ گئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سعودی مشن نے ٹویٹ میں اعلان کیا کہ ’آج جنرل اسمبلی نے عربی تیندوے کے عالمی دن کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی ہے۔‘
ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ قرارداد میں 10 فروری کو عربی تیندوے کا عالمی دن قرار دیا گیا ہے جو ہر سال منایا جائے گا۔ اس قرارداد سے انتہائی خطرات سے دوچار عرب نسل کے اس چیتے کو نمایاں کیا گیا ہے اور جنگلی حیات اور حیاتیاتی تنوع کے حوالے سے اس کی اہمیت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔
معدومیت کا شکار اس جانور سے متعلق آگہی پھیلانے کی غرض سے سال 2022 میں سعودی عرب نے 10 فروری کو عربی تیندوے کے دن کے طور پر مقرر کیا تھا۔
عرب النسل تیندوے کے تحفظ کے لیے مہم سازی میں اہم کردار ادا کرنے والی امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے اقوام متحدہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’اقوام متحدہ میں عرب چیتے کے عالمی دن سے متعلق قراداد کی منظوری پر بہت خوش ہوں۔‘
سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے پیر کو ٹویٹ کیا کہ ادارے کیٹاموسفیئر ، عریبیئن لیپرڈ فنڈ اور العلا کے لیے شاہی کمیشن نے انتہائی خطرے سے دو چار عرب تیندوے کی آگہی کے لیے انتھک کام کیا اور عالمی سطح پر اس معاملے کو اجاگر کیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہماری مہم جیسے کیٹ واک اور عریبیئن لیپرڈ ڈے کے لیے عوامی ردعمل سے ظاہر ہوا ہے کہ اس خوبصورت بڑی بلی کے لیے گہرے جذبات پائے جاتے ہیں۔‘
بڑی بلیوں کی نسل والے ان جانوروں کا مستقبل محفوظ بنانے کے مشن پر کاربند شہزادی ریما بنت بندر نے سال 2021 میں کیٹاموسفیئر فاؤنڈیشن کا آغاز کیا تھا۔
حیوانات کے تحفظ کی عالمی تنظیم 'انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر‘ نے عرب النسل تیندوے کو ’شدید خطرے سے دو چار‘ قرار دیا ہے جو معدوم ہونے کے قریب ہے۔
جزیرہ نما عرب میں 200 سے بھی کم عرب النسل تیندوے رہ گئے ہیں جبکہ سب سے زیادہ عمان کے ظفار پہاڑوں میں پائے جاتے ہیں۔

شیئر: