اہلیہ کے قتل کیس میں شوہر کی سزائے موت گیارہ برس قید میں تبدیل
شوہر کوغصہ تھا کہ اہلیہ نے پولیس سٹیشن میں شکایت کیوں درج کرائی (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب جدہ میں اپیل کورٹ نے اہلیہ کے قتل کیس میں شوہر کی سزائے موت گیارہ برس قید میں تبدیل کرکے سزائے موت کا فیصلہ منسوخ کیا ہے۔
اخبار24 کے مطابق جدہ میں فوجداری کی عدالت نے سعودی خاتون وفا الغامدی کے شوہرکو موت کی سزا سنادی تھی۔
شوہر پر ستمبر 2022 کے دوران اپنی اہلیہ کو دھوکے سے چھری کے وار کرکے ہلاک کرنے کا الزام تھا۔
وفا الغامدی کے چاربچوں کی ماں تھی، اس کے بچوں نے اپنے والد کے خلاف کیس دائر کیا تھا۔
شوہر کو اس بات کا غصہ تھا کہ اس کی اہلیہ نے اس کے خلاف پولیس سٹیشن میں شکایت کیوں درج کرائی۔
علاوہ ازیں ریاض ریجن کے حکام نے منگل کو ہموطن کے قتل کاالزام ثابت ہوجانے پر سعودی شہری کو موت کی سزا دی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری شعف بن وقیان بن محمد الدوسری نے فائرنگ کرکے اپنے ہموطن عبداللہ بن شجاع بن عبداللہ الدوسری کو ہلاک کردیا تھا‘۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پولیس نے شعف الدوسری کو گرفتار کرکےعدالت میں پیش کیا۔ الزام ثابت ہوجانے پر اسے موت کی سزا سنائی گئی تھی۔
اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے سزائے موت کی توثیق کی تھی۔ ایوان شاہی نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا حکم جاری کیا۔