مشرقی ریجن میں دہشت گردی میں ملوث دو بحرینی شہریوں کو سزائے موت
بحرینی شہریوں نے دہشتگر کیمپوں میں ٹریننگ حاصل کی تھی ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ’ دہشت گردانہ جرائم میں ملوث دو بحرینی شہریوں کو پیر کو مشرقی ریجن میں سزائے موت دی گئی ہے‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ’ بحرینی شہری جعفر محمد علی محمد جمعہ سلطان اور صادق مجید عبدالرحیم ابراہیم ثامر ایک دہشت گرد گروہ میں شامل ہوگئے تھے۔ دونوں کا سرغنہ بحرین میں سیکیورٹی فورس کو مطلوب ہے‘۔
بیان کے مطابق ’بحرینی شہریوں نے دہشتگر کیمپوں میں ٹریننگ حاصل کی، اس کا مقصد سعودی عرب اور بحرین میں امن و امان کو متزلزل کرنا اور انارکی پھیلانا تھا‘۔
’دونوں بحرینی شہری سعودی عرب میں دہشت گردوں سے رابطے میں تھے۔ مملکت میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں تعاون دیا۔ دھماکے میں استعمال ہونے والے کیپسول اور دھماکہ خیز مواد سعودی عرب سمگل کیا۔ بحرین میں سیکیورٹی فورسز کو مطلوب افراد کو پناہ دی‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ دونوں بحرینی شہریوں کو سپیشل فوجداری عدالت میں پیش کیا گیا تھا‘۔
عدالت نے الزام ثابت ہونے پر موت کی سزا سنا ئی تھی جس کی توثیق فوجداری کی سپیشل اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے کی تھی۔
ایوان شاہی نے دونوں مجرموں کے خلاف عدالتی فیصلہ نافذ کرنے کا حکم جاری کردیا تھا جسے پیر کو مشرقی ریجن میں نافذ کردیا گیا۔