Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں شدید گرمی سے 34 ہلاک، عمر رسیدہ افراد کو گھروں میں رہنے کی ہدایت

ریاست اترپردیش میں شدید گرمی کے باعث 34 ہلاکتیں واقع ہوئیں۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور شدید گرمی کے باعث 60 سال سے بڑی عمر کے افراد کو دن  کے اوقات میں گھر کے اندر رہنے کی تجویز دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق انڈیا کی شمالی ریاست اتر پردیش میں گرمی کی شدت کے باعث 34 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ہلاک ہونے والے افراد کی عمر 60 سال سے زیادہ تھی اور پہلے سے صحت کے مسائل سے دوچار تھے۔ ان تمام کا تعلق اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ سے 300 کلومیٹر کی دوری پر واقع ضلع بلیا سے تھا۔
ضلع بلیا کے چیف میڈیکل آفیسر جاینت کمار نے بتایا کہ جمعرات کو 23 افراد کی موت واقع ہوئی تھی جبکہ مزید 11 جمعے کے روز ہلاک ہوئے۔ 
انہوں نے کہا کہ یہ تمام افراد کسی نہ کسی مرض میں مبتلا تھے اور شدید گرمی کے باعث ان کی حالت مزید خراب ہو گئی۔
میڈیکل آفیسر جاینت کمار کا کہنا تھا کہ اکثر اموات دل کا دورہ پڑنے، فالج یا ڈائریا یعنی اسہال سے واقع ہوئی ہیں۔
ایک اور میڈیکل آفیسر دیواکر سنگھ نے بتایا کہ ان افراد کو نازک حالت میں بلیا کے مرکزی ہسپتال میں لایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافے سے بالخصوص عمر رسیدہ افراد کی جان کو خطرہ ہے۔
انڈیا کے میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے ڈیٹا کے مطابق جمعے کو ضلع بیلا کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.2 ڈگری سیلسیس تھا۔
دوسری جانب ریاست بھر میں لوڈ شیڈنگ نے بھی عوام کی تکلیف میں اضافہ کر دیا ہے اور اکثر مقامات پر مظاہرے بھی ہوئے ہیں۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیانتھ نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت بلاتعطل بجلی کی سپلائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے جمعے کی رات کو جاری بیان میں کہا کہ ہر گاؤں اور ہر شہر کو کافی مقدار میں بجلی سپلائی ہونی چاہیے اور خرابی کی صورت میں فوری حل نکالا جائے۔

شیئر: