Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لوگ مجھے شرابی کہتے تھے: پوجا بھٹ کا انکشاف

پوجا بھٹ آخری بار نیٹ فلکس کی سیریز ’بامبے بیگمز‘ میں نظر آئی تھیں۔ (فوٹو: انڈین ایکسپریس)
بالی وُڈ کی اداکارہ پوجا بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ جب انہیں شراب نوشی کی عادت تھی تو لوگ انہیں شرابی کہتے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق ریئلٹی شو بگ باس او ٹی ٹی ٹو کی دوسری قسط میں پوجا بھٹ نے اپنی شراب نوشی کی عادت کے بارے میں بات کی۔
پوجا بھٹ نے 44 برس کی عمر میں شراب نوشی کی عادت کو کم کرنے پر بات کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ کیسے معاشرے میں مردوں کے مقابلے میں خواتین کو کُھلے عام شراب نوشی اور نشے بازی کی عادت کے بارے میں بات کرنے کی اُس طرح اجازت نہیں دی جاتی۔
بگ باس او ٹی ٹی کی دوسری قسط میں شو میں مقابلے میں حصہ لینے والے امیدواروں نے بگ باس کے گھر میں ایک دوسرے سے تعلقات قائم کرنا شروع کر دیے ہیں۔ اس دوران امیدواروں نے ایک دوسرے کے ساتھ اپنی ذاتی باتیں اور قصے شیئر کیے۔
اس سلسلے میں سائرس بروچا اور بقیہ ساتھی امیدواروں سے بات کرتے ہوئے پوجا بھٹ نے کہا کہ ’مجھے شراب پینے کی عادت تھی، اس وجہ سے میں نے اپنی اس عادت کو تسلیم کیا اور اسے ترک کرنے کا فیصلہ کیا۔
اداکارہ نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو نشے بازی کے بارے میں مردوں کی طرح کھلے عام بات کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔

پوجا بھٹ نے ’سڑک‘ سمیت کئی مشہور فلموں میں کام کیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

ان کا کہنا تھا کہ ’معاشرہ مردوں کو لائسنس دیتا ہے تو وہ نشے بازی اور اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے متعلق کھلے عام بات کرتے ہیں۔ تاہم خواتین سرعام شراب نہیں پیتی ہیں اور وہ اس وجہ سے سرعام اس سے چھٹکارا حاصل نہیں کر سکتیں۔ میں سرعام شراب نوشی کرتی تھی تو جب میں نے اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کا سوچا تو کہا کہ میں کیوں چھپ کر اس سے چھٹکارا حاصل کروں؟
پوجا بھٹ نے مزید کہا کہ ’لوگ مجھے شرابی کہتے تھے لیکن پھر میں نے فیصلہ کیا کہ میں شراب نوشی سے چھٹکارا حاصل کروں گی۔
خیال رہے بگ باس او ٹی ٹی کا دوسرا سیزن آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم ’جیوسنیما‘ پر سٹریم کر رہا ہے۔
مشہور ٹی وی شو کے او ٹی ٹی ورژن کی میزبانی پہلی مرتبہ سلمان خان کر رہے ہیں۔
اس سے قبل بگ باس او ٹی ٹی سیزن ون کی میزبانی ہدایتکار کرن جوہر نے کی تھی۔
پوجا بھٹ کا شمار اپنے وقت کی مشہور اور گلیمرس اداکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے ’سڑک‘، ’دل ہے کہ مانتا نہیں‘ اور ’چاہت‘ سمیت کئی یادگار فلموں میں کام کیا۔ آخری بار وہ 2021 میں نیٹ فلکس کی سیریز ’بامبے بیگمز‘ میں نظر آئی تھیں۔

شیئر: