منی سے قربانی کا گوشت لانے والوں کے خلاف جدہ میونسپلٹی کی کارروائی
منی سے قربانی کا گوشت لانے والوں کے خلاف جدہ میونسپلٹی کی کارروائی
جمعرات 29 جون 2023 17:59
گوشت لانے والی گاڑیوں کو بھی قبضے میں کرلیا گیا۔ (فوٹو جدہ میونسپلٹی ٹوئٹر)
ہر سال کی طرح اس سال بھی جدہ اور مکہ میونسپلٹی نے منی سے قربانی کے جانور لانے والے مختلف راستوں کی ناکہ بندی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
عکاظ اخبار اور سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میونسپلٹی کے حکام نے منی اور مکہ کے راستوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران منی سے جدہ – مکہ پرانے روڈ جسے قدیم مکہ ہائی وے بھی کہا جاتا ہے، قربانی کے 128 جانوروں کا گوشت قبضے میں کرلیا۔
جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’قربانی کا یہ گوشت بڑے بڑے ٹکڑوں کی صورت میں گاڑی میں مخلف خفیہ جگہوں پر رکھے گئے تھے۔ جنہیں ہمارے اہلکاروں نے تلاشی کے دورانج ضبط کیا‘۔
جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’منی سے لایا جانے والے 128 ذبح جانور اورانہیں لانے والی 20 گاڑیوں کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے‘۔
جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ ’منی سے اس طرح قربانی کا گوشت لانا منع ہے اور یہ صحت کے لیے بھی نقصان دہ ہوتا ہے‘۔
واضح رہے کہ عید الاضحی پر متعدد افراد مشاعر مقدسہ کے مذبح میں قربانی کے جانور ارزاں قیمت پر خرید کر انہیں جدہ اور دیگر شہروں میں قائم ہوٹلوں اور دکانوں کو فروخت کرتے ہیں۔ یہ لوگ گوشت کو گاڑی کی ڈکی میں چھپا کر لاتے ہیں۔
یاد رہے کہ جدہ اور مکہ مکرمہ میونسپلٹی منی سے گوشت لانے پر پابندی گزشتہ کئی سال سے لگائے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں ہر سال سخت قوانین نافذ کیے جاتے ہیں۔ اس سال گوشت لانے والی گاڑیاں بھی ضبط کی جارہی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں