Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیل کی پیداوار میں یومیہ دس لاکھ بیرل کٹوتی اگست تک جاری رہے گی: سعودی عرب

سعودی عرب اگست 2023 کے دوران یومیہ 90 لاکھ بیرل تیل نکالے گا (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت توانائی نے تیل کی یومیہ پیداوار میں 10 لاکھ بیرل کی رضاکارانہ کمی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔ اگست کے آخر تک پیداوار میں کمی جاری رہے گی۔ 
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت توانائی کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ’ سعودی عرب تیل کی پیداوار میں یومیہ دس لاکھ بیرل کی رضاکارانہ کمی کا سلسلہ مزید ایک ماہ (اگست) تک جاری رکھے گا‘۔ بیان میں کہا گیا کہ ’اضافی کمی میں مزید توسیع بھی ہوسکتی ہے‘۔
 فیصلے کے مطابق سعودی عرب اگست 2023 کے دوران یومیہ 90 لاکھ بیرل تیل نکالے گا۔ 
وزارت توانائی کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’پیداوار میں نئی کمی کے ساتھ اپریل 2023 کے دوران رضاکارانہ کمی برقرار رکھی جائے گی۔ اپریل والی رضاکارانہ کمی کا سلسلہ دسمبر 2024 کے  آخر تک کے لیے تھا‘۔ 
وزارت توانائی کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’مزید رضاکارانہ کمی کا فائدہ اوپیک پلس کی ان احتیاطی تدابیر کو پہنچے گا جو تیل مارکیٹ میں توازن اور استحکام  کےلیے کی جارہی ہیں‘۔   
یاد رہے کہ سعودی وزارت توانائی نے جولائی کے لیے رضاکارانہ طور پر یومیہ مزید 10 لاکھ بیرل کمی کا اعلان کیا تھا۔
اس سے قبل وزارت توانائی کے عہدیدار نے کہا تھا کہ’ سعودی عرب احتیاطی تدبیر کے طور پر 2024 کے ماہ دسمبر کے آخر تک یومیہ پانچ لاکھ بیرل تیل رضاکارانہ طور پر کم نکالے گا‘۔
 ’اوپیک پلس معاہدے میں شریک بعض ممالک کی ہم آہنگی کے ساتھ یہ اقدام کیا جا رہا ہے‘۔
’ چار جون 2023 کو اوپیک پلس کے 35 ویں اجلاس میں پیداواری کوٹے کے حوالے سے اس رضاکارانہ کمی پر اتفاق کیا گیا تھا‘۔ 

شیئر: