رواں ہفتے بعض علاقے بارش جبکہ کچھ گردو غبار کی لپیٹ میں
رواں ہفتے بعض علاقے بارش جبکہ کچھ گردو غبار کی لپیٹ میں
جمعرات 6 جولائی 2023 12:19
مملکت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے نصف تک مملکت کے بعض علاقے دن کے اوقات میں گرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گے۔
موسمیاتی مرکز کے ٹوئٹرپرجاری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تبوک کے ساحلی علاقوں کے علاوہ مدینہ منورہ ریجن، مکہ مکرمہ اورجازان میں آج بروز جمعرات سے چار روز تک موسم غیرمعمولی رہے گا۔
مذکورہ علاقوں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی جس کی وجہ سے شاہراہوں پرسفرکرنے والوں کو قدرے دشواری کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
الباحہ اورعسیر ریجن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی توقع ہے۔
درجہ حرارت کے حوالے سے موسمیات کے قومی مرکز کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعرات سب سے زیادہ درجہ حرارت الاحسا میں رہے گا جہاں پارہ 47 ڈگری ہوگا۔
مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ اوروادی الدواسر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 ڈگری جبکہ دمام اورالدھنا میں 46 اورحفر الباطن میں 45 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔
ریاض ، بریدہ ، شرورہ ، ینبع ، العلا اوررفحا میں 43 ڈگری جبکہ عرعر اورسکاکا میں 42 ۔ حائل میں 40 ، جدہ میں 39 اورجازان ، نجران ، طریف اورالقریات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ طائف اورالقنفذہ میں پارہ 36 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔
مملکت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کم سے کم درجہ حرارت ابھا میں 20 ڈگری ہوگا جبکہ القریات میں 21 ، الباحہ میں 23 ، مکہ مکرمہ ، شرورہ اورالقنفذہ میں 29 اورمدینہ منورہ میں 30 ڈگری تک رہے گا۔
موسم گرما کے حوالے سے ماہرین کی جانب سے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی خاص ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گاڑیوں میں ٹینک فل نہ کرائیں جبکہ گاڑیوں کودھوپ میں پارک کرنے کی صورت میں کھڑکیوں کے شیشوں کو معمولی سا کھول دیں تاکہ ہوا کی کراسنگ ہوسکے علاوہ ازیں گاڑی میں لمبی مدت کےلیے گیس سیلنڈرنہ رکھا جائے۔