Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں گرد وغبار کے مزید طوفان آرہے ہیں: مرکز موسمیات کا انتباہ

ریت کے طوفان کے باعث عراق میں ایک اور مشرقی شام میں تین افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ فوٹو: سبق
سعودی عرب کے موسمیات مرکز نے خبردار کیا ہے کہ منگل کو آنے والے گردوغبار کے طوفان کا سلسلہ ابھی ختم نہیں ہوا، مزید طوفان آئیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق موسمیات مرکز کی رپورٹ میں دارالحکومت ریاض، مدینہ ریجن، الریس اور النخا کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ان مقامات کے علاوہ الولا اور خیبر میں بھی گردو غبار کے طوفان آئیں گے۔
موسمیات مرکز کے ترجمان حسین القہطانی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’شمالی، مرکزی اور جنوبی علاقوں میں بھی گردوغبار کا سلسلہ برقرار رہے گا۔‘
 رپورٹ کے مطابق 1200 سے زائد افراد کو سانس لینے میں مشکلات کی وجہ سے ہسپتالوں سے رجوع کرنا پڑا۔
ریت کے شدید طوفان نے پچھلے ایک ماہ سے ایران، عراق، شام اور کویت کے کچھ حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کو صحت کے مسائل درپیش ہوئے اور انہیں ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑا۔
طوفان کے نتیجے میں عراق میں ایک اور مشرقی شام میں تین افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
موسم بہار اور گرمیوں میں ریت کے طوفان عام ہوتے ہیں جس کی وجہ موسمی ہوائیں ہوتی ہیں، تاہم اس بار عراق میں تقریباً ہر ہفتے گردوغبار کے طوفان آ رہے ہیں۔
عراق کی وزارت صحت کی جانب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں آکسیجن فراہم کر دی گئی ہے۔
اسی طرح شام میں مشرقی صوبے دیر ایزور میں شدید طوفان کے بعد میڈیکل کے شعبے ہر قسم کی صورت حال سے تیار رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ایران نے تہران میں پچھلے ہفتے اس وقت سکول اور سرکاری دفاتر بند کر دیے تھے جب ملک میں ریت کے طوفان کی شدید کی لہر اٹھی تھی۔
خوزیستان کا جنوب مشرقی علاقہ طوفان سے شدید متاثر ہوا، جہاں 800 سے زائد افراد کو سانس میں مشکلات کا علاج کروانا پڑا۔ اسی طرح درجنوں کی تعداد میں پروازیں بھی منسوخ کی گئیں۔
طوفان کی وجہ سے رواں ماہ میں دوسری بار کویت میں تمام پروازیں منسوخ کی گئیں۔
گردوغبار کے طوفان کے حوالے سے جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلیاں سنسان ہیں اور حدنگاہ بہت کم ہے۔

شیئر: