Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس کمیشن کے تحت تربیتی پروگرام

تربیتی اور اصلاحی پروگرام الاحساء ، تبوک اور حائل میں کئے جائیں گے۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی عرب میں تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس کمیشن تین شہروں میں اداکاروں کی تربیت اور اصلاحی پروگرام متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اصلاحی پروگرام کا پہلا سیشن الاحسا میں 16 سے 27 جولائی تک ، دوسرا سیشن تبوک میں 13 سے 24 اگست تک اور تیسرا سیشن حائل میں 25 ستمبر سے 5 اکتوبر تک ہوگا۔

 تھیٹر سے متعلق زبان میں مہارت کے ساتھ فہم و فراست کو نکھارنا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز

پرفارمنگ آرٹس کمیشن کے  تجربہ کار اور خصوصی تربیت دہندگان اس اقدام میں سٹریٹجک سکلز ڈیولپمنٹ پروگرام کے زیرتحت شامل ہوں گے۔
10 روزہ مدت کا یہ پروگرام دو تربیتی ورکشاپس پر مشتمل ہو گا، ہر ورکشاپ کے لیے تین گھنٹے یومیہ کا وقت مختص کیا گیا ہے۔
پروگرام میں شامل ہونے والوں کے لیے پہلی ورکشاپ میں اداکاری کے رموز پر بات ہو گی جب کہ دوسری ورکشاپ میں اصلاحی پہلوؤں پر غور کیا جائے گا۔

تربیتی پروگرام تھیٹر پریکٹیشنرز کو بااختیار بنانے کے اقدامات کا حصہ ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر

تھیٹر اینڈ پرفارمنگ آرٹس کمیشن  کی زیرنگرانی ہونے والی ہر تربیتی ورکشاپ میں 40 طلبا کو داخلہ دیا جائے گا جس سے ہر شہر میں 80 طلبا اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں گے۔
تربیتی پروگرام میں تھیٹر کی کارکردگی کے بارے میں بیداری کو بڑھانا اور تربیت حاصل کرنے والوں کو مختلف قسم کی مہارتیں فراہم کرنا شامل ہیں۔
ورکشاپس میں حصہ لینے والوں کے لیے تھیٹر سے متعلق زبان میں مہارت کے ساتھ الفاظ کی ادائیگی، اداکاری کی تکنیک، اصلاح اور ثقافتی فہم و فراست کے ساتھ ان کی ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنا شامل ہے۔

دس روزہ مدت کا یہ پروگرام دو تربیتی ورکشاپس پر مشتمل ہو گا۔ فوٹو: ٹوئٹر

تربیتی پروگرام کے ابتدائی سیشن کے نصاب میں تھیٹر میں پرفارمنس کے طریقہ کار کا احاطہ کیا گیا ہے جس میں منصوبہ بندی، تیاری، ارادے اور کردار پر مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں۔
مزید برآں اداکاری اور اصلاح کے بنیادی اصولوں کے علمی اطلاق پر توجہ مرکوز کی جائے گی جیسا کہ ڈرامے کا متن، اس کا تجزیہ، اداکاری کی تربیت اور مختلف پہلوؤں میں ہم آہنگی۔
یہ تربیتی پروگرام مملکت میں تھیٹر پریکٹیشنرز کو بااختیار بنانے کے لیے آرٹس کمیشن کے تحت کئے جانے والے مختلف اقدامات میں سے ایک ہے۔
 

شیئر: