سعودی عرب کی جامعات میں تھیٹر اور سینما گریجویشن متعارف
مملکت کی تمام یونیورسٹیوں میں یہ کورس شروع کیا جائے گا(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی ریاض کی میڈیا اور کمیونیکیشن کی فیکلٹی آئندہ سال سینما اور تھیٹر گریجویشن متعارف کرائے گی۔ مملکت کی تمام یونیورسٹیوں میں یہ کورس شروع کیا جائے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق میڈیا اینڈ کمیونیکیشن فیکلٹی کی ڈین شہزادہ ڈاکٹر سعد بن سعود نے کہا ہے کہ ’فیکلٹی سینما اور تھیٹر گریجویشن پروگرام کو آخری شکل دے رہی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا مملکت بھر میں پہلا ہوگا۔‘
’یہ سعودی وژن 2030 میں شامل ثقافتی تفریحاتی اور تکنیکی شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے والی مہم کا حصہ ہے‘۔
سعودی وزارت ثقافت اور وزارت تعلیم کے معاہدے میں یہ بات شامل ہے کہ تعلیم کے شعبے میں ثقافتی سرگرمیوں اور تعلیمی پروگراموں کو فروغ دیا جائے۔
شہزادہ ڈاکٹر سعد بن سعود نےکہا کہ’ سینما اور تھیٹرگریجویشن پروگرام کے ذریعے مملکت بھر میں ثقافت اور آرٹ کے پریکٹیکل ٹریک تیار ہوں گے‘۔
فیکلٹی آف میڈیا کے ڈین کا کہنا تھا کہ ’عالمی ماہرین نے جدید ترین بین الاقوامی تجربات کے تناظر میں تھیٹر اور سینما گریجویشن کا کورس تیار کیا ہے‘۔