پاکستان کے ساتھ ہوابازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے: سعودی سفیر
پاکستان کے ساتھ ہوابازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے: سعودی سفیر
منگل 11 جولائی 2023 18:45
ملاقات کے دوران سربراہ پاکستانی فضائیہ نے سعودی سفیر کو اپنی جامع عملی پالیسی فیصلوں سے آگاہ کیا (فوٹو: پی اے ایف)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔
پاکستانی فضائیہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق منگل کو ایئرہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سربراہ پاکستانی فضائیہ نے سعودی سفیر کو اپنی جامع عملی پالیسی فیصلوں سے آگاہ کیا۔
پالیسی کے تحت ایئر فورس کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے حصول اور انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ آپریشنل اور تربیتی شعبوں میں بہتر بنا کر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
ایئر چیف نے کہا کہ ’مسلم دنیا کا مرکز اور ایک بہترین تزویراتی شراکت دار ہونے کی حیثیت سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط استوار ہیں۔‘
انہوں نے دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون اور تربیتی شعبوں میں پہلے سے موجود تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان قائم بھائی چارے کے رشتے کا ذکر کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔‘
’دونوں ممالک کے تعلقات علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔‘
سعودی عرب کے سفیر نے پاکستانی فضائیہ کی جانب سے خاص طور پر خود انحصاری کے میدان میں کی گئی غیر معمولی پیش رفت کی تعریف کی اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
نواف بن سعید المالکی نے تربیتی شعبے سمیت نئی ٹیکنالوجی اور ہوابازی کی صنعت میں باہمی اشتراک کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
پاکستانی فضائیہ کے مطابق ایئر چیف مارشل اور سعودی سفیر کی ملاقات دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات اور باہمی تعاون کے ذریعے موجودہ شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔