Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا 7 لاکھ 35 ہزار پاکستانیوں کو خوراک کی فراہمی کا اعلان

سعودی عرب کے شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں 2024-2023 کے لیے فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت 40 اضلاع میں 7 لاکھ 35 ہزار افراد کو بنیادی خوراک فراہم کی جائے گی۔
پراجیکٹ کا افتتاح بدھ کے روز سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ سعودی عرب کا برادر ملک پاکستان اور اس کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہے اور سعودی عرب پاکستان اور پاکستانی عوام کی مدد کرتا رہے گا۔
انہوں نے اس موقع پر پاکستانی عوام کی سعودی عرب اور شاہ سلمان سے وابستگی کو بھی سراہا۔
فوڈ سکیورٹی پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ضرورت کے وقت پاکستان اور اس کے عوام کی مدد کی اور ضرورت میں مدد کی۔
’یہ فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ سیلاب کے بعد پاکستانی عوام کو درپیش خوراک کی کمی کے خاتمے کے لیے کافی معاون ثابت ہو گا۔‘
سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے اور پھلے پھولیں گے۔
انہوں نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن اور قائدانہ کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں 2024-2023 کے لیے فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ کا آغاز کیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت کی جانب سے حج کے دوران پوری دنیا کے مسلمانوں اور بالخصوص پاکستانی حجاج کے لیے کیے گئے شاندار اقدامات متاثرکن ہیں اور پاکستان اس کے لیے شکر گزار ہے۔ 
اس موقع پر شاہ سلمان ہیومینیٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کے پاکستان میں ڈائریکٹر خالد العثمانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ کے تحت سعودی عرب رواں سال پاکستان کے 40 اضلاع میں 10،013 ٹن خوراک کے ایک لاکھ پانچ ہزار تھیلے تقسیم کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہ سلمان ہیومینیٹیرین اینڈ ایڈ ریلیف سینٹر اس کے علاوہ بھی کئی امدادی منصوبوں پر کام کر رہا ہے اور سیلاب کی صورت میں بھی امداد فراہم کرے گا۔

شیئر: