امریکہ کے وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ ’وہ اِس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
جمعرات کو ٹوئٹر بیان میں انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے قرض پروگرام کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔
امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ میکرواکنامک اصلاحات اور پائیدار اقتصادی بحالی کے لیے آئی ایم ایف کے ساتھ کام جاری رکھے۔‘
مزید پڑھیں
-
آئی ایم ایف سے معاہدہ، فِچ نے پاکستان کی ریٹنگ اَپ گریڈ کر دیNode ID: 778571
اس سے قبل گذشتہ ماہ امریکی وزیر خزانہ جینیٹ یلین نے کہا تھا کہ ’امریکہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی حمایت کرتا ہے۔‘
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوان نمائندگان میں رکن کانگریس آل گرین کے بیان کے جواب میں کیا تھا۔
رکن کانگریس نے امریکی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی جانب سے امداد کی فراہمی میں کردار ادا کرے۔
بدھ کو آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر قرض کی منظوری دی گئی۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کی منظوری کے بعد جمعرات کے روز سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹ میں ایک ارب 20 کروڑ ڈالر منتقل کردیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہمارے ساتھ پرخلوص تعاون کیا۔‘
آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ’پاکستان میں معاشی اصلاحاتی پروگرام معیشت کو فوری طور پر سہارا دینے کے لیے ہے۔‘
We stand by the Pakistani people during these hard times and welcome the International Monetary Fund's approval of a program to support Pakistan. We urge Pakistan to continue working with @IMFNews toward macroeconomic reforms and sustainable economic recovery.
— Secretary Antony Blinken (@SecBlinken) July 13, 2023