کنگ سلمان چیئر نے باب کعبہ کی تاریخ پر کتاب شائع کردی
جمعرات 13 جولائی 2023 21:30
کتاب کے مصنف ڈاکٹر ابراہیم مھران ہیں۔ (فوٹو اخبار 24)
ام القری یونیورسٹی میں مکہ مکرمہ کی تاریخ پر تحقیقی کام کرنے والی کنگ سلمان چیئر نے ’باب کعبہ‘ کی تاریخ پر مستند کتاب جاری کردی۔
اخبار 24 کے مطابق ام القری یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر معدی آل مذھب نے کہا کہ ’کنگ سلمان چیئر مکہ مکرمہ کی تاریخ کا ہر پہلو سے تحقیقی مطالعہ کرا رہی ہے۔ کنگ سلمان چیئر مسجد الحرام مکہ مکرمہ، مسجد نبوی مدینہ منورہ سے سعودی عرب کے گہرے تعلق کے ثبوت سائنٹیفک بنیادوں پر ریکارڈ کرا رہی ہے‘۔
کنگ سلمان چیئر نے باب کعبہ سے متعلق جو کتاب شائع کی ہے اس کے مصنف ڈاکٹر ابراہیم مھران ہیں۔ یہ کنگ سلمان چیئر سے حرمین شریفین کے بارے میں جاری کی جانے والی 24 ویں کتاب ہے۔
کنگ سلمان چیئر کے پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ الشریف نے کتاب کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ ’ڈاکٹر ابراہیم مھران نے مذکورہ کتاب میں باب کعبہ، اس کے تالوں اور اس کی کنجیوں کی مکمل تاریخ کا احاطہ کیا ہے۔
کتاب میں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور ان کے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے دور سے لے کر عصر نبوت اور پھر اسلامی تاریخ کے مختلف ادوار سے لے کر آل سعود کے عہد تک باب کعبہ، اس کے تالوں اور کنجیوں کے حوالے سے ریکارڈ پر آنے والی تاریخ کو قلمبند کیا ہے‘۔
یاد رہے کہ کنگ سلمان چیئر ام القری یونیورسٹی اور کنگ عبدالعزیز اکیڈمی کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ فریقین کے تعاون سے 58 مقالے، علمی معلومات پر مشتمل 60 پوسٹر، 7 ریسرچ پروجیکٹ اور 22 مقالے تیار ہوچکے ہیں۔ علاوہ ازیں پچاس ہزار سے زیادہ کتابیں اور پمفلٹ شائع کیے جاچکے ہیں۔ کنگ سلمان چیئر 45 سے زیادہ علمی اور ثقافتی پروگراموں میں حصہ لے چکی ہے اور پانچ ایوارڈ بھی جیت چکی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں