Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعود شکیل کی سری لنکا کے خلاف ڈبل سینچری، پاکستان پہلی اننگز میں 461 پر آؤٹ

سعود شکیل سری لنکا میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں(فوٹو: ای ایس پی این کرِک انفو)
سری لنکا کے خلاف گال میں جاری دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہو گئی ہے۔
پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 461 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے بعد گرین شرٹس کو سری لنکا پر 149 رنز کی برتری حاصل ہے۔
میچ کے تیسرے دن پاکستانی ٹیم میزبان ٹیم پر حاوی نظر آئی۔ پاکستان نے تیسرے دن کا کھیل پانچ وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز شروع کیا۔
پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 208 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آغا سلمان نے 83 اور شان مسعود نے 39 رنز سکور کیے۔
سری لنکا کی طرف سے بولنگ کرتے ہوئے رمیش مینڈس نے پانچ، پرباتھ جے سوریا نے تین جبکہ وِشوا فرنینڈو اور کاسُن راجیتھا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تیسرے دن کے کھیل کی سب سے خاص بات پاکستانی بیٹر سعود شکیل کی تاریخی ڈبل سینچری رہی جس نے گرین شرٹس کی میچ میں پوزیشن مستحکم کر دی ہے۔
بائیں ہاتھ کے بیٹر نے پہلی اننگز میں ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 361 گیندوں پر 208 رنز کی یادگار اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 19 چوکے بھی لگائے۔
سعود شکیل سری لنکا میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
27 برس کے بیٹر نے گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف قومی ٹیم کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے ابھی تک 6 ٹیسٹ میچز میں 788 رنز بنائے ہیں جس میں دو سینچریاں اور پانچ ففٹیاں بھی شامل ہیں۔
اُن کی ٹیسٹ کرکٹ میں 131 رنز کی اوسط ہے۔
سعود شکیل کی تاریخی اننگز کے بعد اُن کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی صارفین کی جانب سے تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔
سعد چاندنا اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’سعود شکیل نے اپنی قابلیت اور صبر کا مظاہرہ کیا۔ کیا شاندار اننگز ہے۔ سری لنکا کے خلاف گال میں کھیلنا آسان نہیں ہے اور سعود نے یہ کر دکھایا ہے۔ لڑکے نے ٹیسٹ ٹیم میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔‘
اسد عبداللہ کہتے ہیں کہ ’ایک ہائی کوالٹی کی اننگز ہے، اس باری کو زمانوں تک یاد رکھا جائے گا۔ سلام ہے سعود شکیل۔‘
فاطمہ مسرور نے سعود شکیل کے بارے میں ٹویٹ کیا کہ ’پاکستان سے باہر پہلا انٹرنیشنل میچ کھیل رہے ہیں اور میچ کا سب سے اہم نقطہ مشکل سپنرز کی ٹیم کے خلاف اُن کی ہوم کنڈیشنز میں ڈبل سینچری کرنا ہے۔ آپ ایک شاندار کھلاڑی ہو سعود۔ سلام ہے۔ یہ ہائی کوالٹی کی اننگز ہے۔‘

 

شیئر: