پاوربینک اورلائٹرز قطعی طورپرگاڑی میں نہ رکھیں(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ شہری دفاع نے موسم گرما کے حوالے سے ایک بار پھرلوگوں کو خبردار کیا ہے کہ گاڑیوں میں قابل اشتعال اشیا نہ رکھی جائیں۔
اخبار 24 کے مطابق شہری دفاع کا کہنا ہے کہ ان دنوں مملکت میں موسم شدید گرم ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو چاہئے کہ وہ مقررہ احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کریں۔ ایسی اشیا کو گاڑیوں میں نہ رکھیں جو درجہ حرارت کے بڑھنے سے آگ لگنے کا سبب بنتی ہیں۔
شہری دفاع کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر گاڑیوں میں پاوربینک ، گیس کے لائٹرز، سینیٹائزر کی بوتلیں، پرفیوم کی بوتل اوراسی قسم کی دیگر اشیا جو شدید گرمی سے پھٹ کرگاڑی میں آگ لگنے کا باعث بن سکتی ہیں قطعی طورپرنہ رکھی جائیں۔
شہری دفاع کی جانب سے وقتا فوقتا ایسی احتیاطی تدابیر جاری کی جاتی ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا بھی کہنا ہے کہ ان دنوں مملکت کے متعدد علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں بعض مقامات پردرجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
واضح رہے موسم گرما میں جب دھوپ میں کھڑی ہوئی گاڑی کے اندرونی کیبن میں ہوا کا گزر نہ ہونے کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھ جاتا ہےایسی صورت میں گاڑی میں رکھی ہوئی پرفیوم کی بوتل یا سگریٹ لائٹ جس میں مائع گیس ہوتی ہے وہ گرمی کی شدت سے پھٹ کرفوری طورپرآگ پکڑ لیتے ہیں۔
شہری دفاع اورٹریفک پولیس کی جانب سے موسم گرما میں وقتافوقتا شہریوں اورمملکت میں رہنے والے غیرملکیوں کو متنبہ کیاجاتا ہے کہ وہ ایسی اشیا گاڑیوں میں نہ رکھیں جن کے پھٹ جانے کا اندیشہ ہوتا ہے۔