Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیون سپیسی مَردوں پر جنسی حملوں کے الزامات سے بری

کیون سپیسی نے 1999 میں فلم ’امریکن بیوٹی‘ میں اداکاری کے لیے آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کی ایک عدالت نے امریکی اداکار کیون سپیسی کو چار مردوں پر جنسی حملہ کرنے کے کیس میں بری کر دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے این بی سی کے مطابق کیون سپیسی پر چار مردوں کو جنسی حملوں کا نشانہ بنانے کے الزامات تھے اور اس کیس میں انہیں لندن کی عدالت نے بری کیا ہے۔
یہ ہائی پروفائل کیس لندن کی عدالت میں گذشتہ چار ہفتوں سے چل رہا تھا جس میں 64 برس کے کیون سپیسی اور چاروں مدعیوں نے گواہیاں دیں۔
 جب عدالت نے اداکار کے حق میں فیصلہ سنایا تو اُن کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ انہیں عدالت کی جانب سے نو مقدمات میں بری کیا گیا ہے۔
مقدمے میں پراسیکیوٹر کرسٹن اگنیو نے اداکار کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے ان پر چار افراد پر جنسی حملہ کرنے کے الزامات لگائے تھے اور کہا تھا کہ ’کیون سپیسی کو دوسرے افراد کو کمزور اور بے چین دیکھ کر مزہ آتا ہے۔‘
کیون سپیسی پر الزمات لگانے والے افراد کی شناخت انگلش قانون کے تحت تا عمر راز میں رکھی گئی ہے۔ ان تمام افراد نے ثبوت فراہم کرتے ہوئے اداکار کو ’ناقابلِ بھروسہ، خوفناک جنسی شکاری اور گھٹیا قرار دیا تھا۔
اداکار پر یہ الزامات 2004 سے 2013 کے درمیان لگائے گئے تھے جب وہ لندن کے اولڈ وِک تھیٹر میں بطور آرٹسٹک ڈائریکٹر کام کرتے تھے۔
خیال رہے کہ کیون سپیسی نے 1999 میں فلم ’امریکن بیوٹی‘ میں اداکاری پر آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔

شیئر: