Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اقدار کے منافی فلم کی مملکت میں پیش کرنے کی اجازت نہیں‘

فلموں کی درجہ بندی عمر کے حوالے سے ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی جنرل کمیشن فار آڈیو ویژول میڈیا نے کہا ہے کہ ’اقدار کے منافی کسی بھی فلم کو سعودی عرب میں پیش کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔‘
اخبار 24 کے مطابق جنرل کمیشن نے کہا ہے کہ ’ایسی فلمیں جن میں ہماری اقدار کی خلاف ورزیاں ہوں ان کے بارے میں فلمساز سے رابطہ ہو گا اور مبینہ فلم کو سعودی ضوابط کے دائرے میں لانے کے لیے کہا جائے گا۔‘
جنرل کمیشن نے مزید کہا کہ ’فلم ساز کی جانب سے مثبت جواب نہ ملنے پر ایسی فلم کو جو ہماری اقدار کے خلاف ہو پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ فلمساز کی جانب سے فلم کو سعودی ضوابط کے دائرے میں لانے سے  انکار کا مطلب یہ ہو گا کہ وہ اپنی فلم کے ذریعے ہماری اقدار کے منافی پیغام دینے کے درپے ہے۔‘
سعودی جنرل کمیشن فار آڈیو ویژول میڈیا نے اس سے قبل توجہ دلائی تھی کہ ’خصوصی ادارہ کسی بھی فلم کو سینما گھر میں پیش کرنے سے قبل سنسر کرتا ہے اس سلسلے میں ہمارے یہاں ماہر افراد موجود ہیں ان کی رائے مختلف ہو جاتی ہے۔ مختلف آرا پر بحث ہوتی ہے اور اگر آخر کار فلم میں کوئی ترمیم مطلوب ہوتی ہے تو سٹوڈیو کے ذریعے اسے  نافذ کرایا جاتا ہے۔‘
جنرل کمیشن کا کہنا ہے کہ ’ہمارے یہاں فلموں کی درجہ بندی عمر کے حوالے سے ہے۔ اس حوالے سے 6 کیٹگریز مقرر ہیں۔ 4 قسم کی فلمیں وہ ہیں جو فیملی کے لیے موزوں ہوتی ہیں جبکہ دو قسم کی فلمیں بالغ حضرات کے لیے مانی جاتی ہیں۔‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: