Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جملہ وسائل سمیت برطانیہ کیساتھ ہیں، شاہ سلمان

  ریاض...... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مانچسٹر میں خود کش دھماکے پر برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے برطانوی وزیراعظم سے بدھ کو فون پر رابطہ کرکے مانچسٹر میں ہونے والے خودکش دھماکے کو گھناﺅنی دہشتگردی سے تعبیر کرتے ہوئے سخت الفاظ میں اسکی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ یہ حملہ اسلامی اصولوں اور اخلاقی اقدار کے سراسر منافی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب دہشتگردی کے خلاف جملہ وسائل سمیت برطانیہ کے ساتھ ہے۔ اس سے قبل انہوں نے برطانوی وزیراعظم کے نام پیغام میں کہا تھا کہ ہم مانچسٹر میں دہشتگردانہ حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ اسے مجرمانہ عمل سمجھتے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں اور برطانیہ کے دوست عوام سے اپنی حکومت ، عوام اور خود اپنی جانب سے دل کی گہرائیوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں۔ ہماری آرزو ہے کہ حادثے میں زخمی ہونے والے جلد از جلد شفا یاب ہوں۔ دہشتگردی سے نمٹنے اور اس کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی مساعی میں یکجہتی کو ضروری سمجھتے ہیں۔ ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ شہزادہ محمد بن نایف اور نائب ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی مانچسٹر کے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم ، حکومت، عوام اور ہلاک شدگان کے اہلخانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔

شیئر: