پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لیے جلیل عباس جیلانی کا نام تجویز کر دیا
جلیل عباس جیلانی پاکستان کے سابق سیکریٹری خارجہ اور امریکہ میں سفیر رہ چکے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات قومی اسمبلی تحلیل کردی اور نگراں وزیراعظم کے لیے مختلف نام زیرِ گردش ہیں۔ ان میں سے ایک نام سابق سفارت کار جلیل عباس جیلانی کا بھی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے تصدیق کی کہ پیپلز پارٹی نے نگراں وزیراعظم کے لیے جلیل عباس جیلانی کا نام تجویز کیا ہے۔
بدھ کو جیو نیوز پر شاہزیب خانزادہ کے پروگرام میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ’ہم چاہتے ہیں کہ ایک مضبوط وزیراعظم ہو جو الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر شفاف انتخابات کروائے۔‘
جلیل عباس جیلانی پاکستان کے سابق سیکریٹری خارجہ اور امریکہ میں سفیر رہ چکے ہیں، اور وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے کزن ہیں۔
جلیل عباس جیلانی وزیراعظم ہاؤس میں بطور ڈپٹی سیکریٹری، انڈیا میں پاکستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر، پاکستان کے دفتر خارجہ کے جنوبی ایشیا ڈیسک کے سربراہ اور وزارت خارجہ کے ترجمان رہ چکے ہیں۔ بعدازاں انہیں آسٹریلیا میں پاکستان کا ہائی کمشنر بنا کر بھیجا گیا۔
ریٹائرمنٹ کے بعد جلیل عباس جیلانی نے پاکستان ایئر فورس کے تھنک ٹینک ’سینٹر فار ایروسپیس اینڈ سکیورٹی‘ (سی اے ایس ایس) میں خارجہ پالیسی کے مشیر کے طور پر وابستگی اختیار کی۔