اماراتی صدر سے بنگلہ دیشی وزیراعظم کا ٹیلی فون پر رابطہ
یمن میں اقوام متحدہ کے مغوی اہلکاروں کی رہائی کے لیے کردار پرشکریہ ادا کیا( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے کہا ہے کہ’ امارات انسانی ہمدردی کے اقدامات اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی کوششوں کی مختلف شکلوں میں مدد کرنے کے لیے ہمیشہ تیار رہتا ہے‘۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق اماراتی صدر سے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔
یمن میں اقوام متحدہ کے مغوی اہلکاروں کی رہائی کے حوالے سے امارات کے اہم کردار پر شیخ محمد بن زاید کا شکریہ ادا کیا ۔ مغوی اہلکاروں میں بنگلہ دیش کا ایک شہری شامل تھا۔
بنگلہ دیشی وزیراعظم نے ٹیلیفونک رابطے کے دوران اقوام عالم کے لیے امن و استحکام کے فروغ سے متعلق متحدہ عرب امارات کے اقدامات اور کوششوں کی ستائش کی۔
اماراتی صدر کا کہنا تھا کہ’ امارات انسانیت نواز پالیسی پر قائم ہے۔ یہ سب کچھ اسے تاریخی ورثے میں ملا ہے۔ ہماری تاریخ اقوام عالم کے لیے امن و استحکام میں معاون انسانی مشن اور تعاون کی ترغیب دیتی ہے۔ یہ ترغیب علاقائی ممالک کے ساتھ اور بین الاقوامی برادری کے لیے بھی ہے‘۔