سعودی کابینہ کا آئل ٹینکر ایف ایس او صافر سے تیل نکالنے کی کامیاب کوششوں کا خیر مقدم
کابینہ کا اجلاس ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کی سربراہی میں جدہ میں منعقد ہوا (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزرا نے بحیرہ احمر میں زنگ آلود ٹینکر سے تیل نکالنے کا کام مکمل کرنے پر اقوام متحدہ کا خیرمقدم کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے جمعے کو اعلان کیا گیا تھا کہ اس نے ایف ایس او صافر نامی آئل ٹینکر سے 10 لاکھ سے زائد بیرل تیل کو کامیابی سے نکال لیا ہے۔ کئی برس سے سمندر میں موجود آئل ٹینکر ماحولیات کے لیے بڑے بحران کا باعث بن سکتا تھا۔
ٹینکر کے حوالے سے ایکشن لینے کے بارے میں سعودی عرب سب سے توانا آواز رہا۔
سعودی حکام کی جانب سے یمن کی قانونی حیثیت کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں کو بھی سراہا گیا ہے۔
جدہ میں ہونے والے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کی۔ اجلاس میں کابینہ نے سعودی ویژن 2030 کے مطابق مختلف ممالک کے ساتھ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس میں مختلف شعبوں کے حوالے سے بے مثال مواقع موجود ہیں۔
کابینہ نے اس حوالے سے مملکت اور لاطینی امریکہ کے مختلف ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدوں کو بھی سراہا۔
وزرا نے انڈیا میں بدعنوانی کے خلاف ہونے والے بین الاقوامی جی 20 اجلاس میں انسداد بدعنوانی قانون کے نفاذ اور اس پر تعاون کے حوالے سے ریاض کے اقدام کی حمایت کی۔
کابینہ نے 90 ممالک کی نمائندگی کرنے والی 161 سے زیادہ انسداد بدعنوانی ایجنسیوں کی جانب سے عالمی سطح پر انسداد بدعنوانی قانون کے نفاذ اور اس کی شمولیت کی بھی تعریف کی۔
کابینہ کی جانب سے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی بین الاقوامی اسلامی کانفرنس کے نتائج اور مملکت کے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے جذبے کے تحت ہونے والے اقدامات کو بھی سراہا گیا اور کہا گیا کہ انتہا پسندانہ نظریات کا مقابلہ کرنے اور رواداری و بقائے باہمی کی اقدار کو فروغ دینے، اسلامی ممالک کے درمیان یکجہتی اور تعاون کو بڑھانے میں سعودی عرب کے فعال کردار کی تعریف کی گئی۔
کابینہ نے انشورنس اتھارٹی اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ ریسرچ کے زیرسایہ کام کرنے والے ایک ادارے کے قیام کی منظوری بھی دی۔