والد کو قتل کرکے نعش کی بے حرمتی، مصری نژاد امریکی شہری کو موت کی سزا
والد کے چہرے پر مکے برسائے اور گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا تھا (فوٹو: اخبار 24)
سعودی دارالحکومت ریاض میں حکام نے والد کے قتل، میت کی بے حرمتی اور اقدام قتل کا الزام ثابت ہوجانے پر مصری نژاد امریکی شہری کو بدھ کو موت کی سزا دی ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا کہ ’مصری نژاد امریکی شہری بیشوی شریف ناجی نصیف نے اپنے مصری والد کے چہرے پر مکے برسائے اور گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا تھا‘۔
’ملزم نے قتل کے بعد لاش کی بے حرمتی بھی کی۔ ایک اور شخص کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ وہ نشہ آور اشیا کا عادی تھا‘۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ’ پولیس نے بیشوی نصیف کو گرفتار کرکے پوچھ گچھ کے بعد عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر موت کی سزا سنادی تھی‘۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ’بیشوی نصیف نے جو کچھ کیا وہ گھناؤنا جرم ہے۔ جو کچھ کیا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم اپنی طبعیت سے ہی شرپسند ہے‘۔
اپیل کورٹ اور سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے کی توثیق کردی تھی۔ ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل درامد کا حکم جاری کردیا تھا۔