Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افتخار احمد بھی فیک نیوز کی زد میں، ’لوگ بلیو ٹِک کا غلط استعمال کرتے ہیں‘

افتخار احمد رواں ماہ کینیڈا میں ٹی20 لیگ کھیلنے کے بعد سری لنکا میں شیڈول افغانستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے۔۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے کرکٹر افتخار احمد بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فیک نیوز کی زد میں آ گئے۔
ٹوئٹر پر افتخار احمد کے بارے میں حالیہ دنوں میں ایک صارف کی جانب سے جعلی اور من گھڑت بیان جاری کیا گیا۔
نواز نامی صارف نے افتخار احمد سے منسوب جعلی بیان میں لکھا کہ ’جب بھی ہمارا انڈیا سے میچ ہوتا ہے ہمیں ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے ہم گلی کے بچوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔‘
 

پاکستانی بیٹر سے منسوب یہ جعلی بیان کچھ ہی دیر بعد سوشل میڈیا پر شیئر ہونے لگا اور صارفین کی بڑی تعداد اسے اصلی بیان سمجھنے لگی تاہم افتخار احمد کی جانب سے اس بیان کی تردید سامنے آ گئی ہے۔
افتخار احمد اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’مجھے اس بیان کا پتا چلا ہے جو میں نے کبھی نہیں دیا بلکہ کوئی بھی پروفیشنل کرکٹر ایسا بیان نہیں دے گا۔ براہ کرم فیک نیوز پھیلانا بند کریں اور اس صارف کو نفرت پھیلانے کے جرم میں رپورٹ کریں۔‘
 
انہوں نے ایلون مسک اور ٹوئٹر کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ ’براہ کرم اس اکاؤںٹ پر پابندی لگائیں کیونکہ لوگ بلیو ٹِک کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔‘
خیال رہے افتخار احمد رواں ماہ کینیڈا میں ٹی20 لیگ کھیلنے کے بعد سری لنکا میں شیڈول افغانستان کے خلاف تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے۔
پاکستان ٹیم ایشیا کپ سے قبل افغانستان کے خلاف 22 اور 24 اگست کو سری لنکا کے شہر ہمبنتوتا جبکہ 26 اگست کو کولمبو میں ون ڈے میچ کھیلے گی۔
 

شیئر: