Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ریلوے کا زیرِتعمیر پُل گرنے سے 22 مزدور ہلاک، 4 لاپتہ

حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں دور دراز کے ایک گاؤں میں کھائی کے اوپر ریلوے کا زیرتعمیر پُل منہدم ہونے سے کم از کم 22 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے مزید چار مزدوروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
یہ واقعہ ریاست میزورام کے دارالحکومت ایزول کے شمال مغرب میں تقریباً 20 کلومیٹر (12 میل) کے فاصلے پر واقع ایک قصبے سائرنگ میں پیش آیا ہے۔
میزورام کے وزیراعلٰی زورمتھانگا کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ زیرِتعمیر پُل پر لگا آہنی جنگلہ وادی میں جا گرا۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’اس سانحے نے ان کو شدید غمگین کر دیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ وہ ان افراد کے ممنون ہیں جنہوں نے ریسکیو آپریشن میں مدد کی۔
محکمہ شمال مشرقی ریلوے کے مطابق ’حادثے کی جگہ پر 40 مزدور کام کر رہے تھے۔‘
محکمہ ریلوے کے ایک ملازم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ملبے سے 22 لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ دیگر چار افراد لاپتہ ہیں۔‘
حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

حادثے کے مقام پر 40 مزدور کام کر رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعظم نریندر مودی کے دفتر نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشنز جاری ہے اور متاثرین کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
حکومت حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے 2400 ڈالر دیے جائیں گے۔
وزیر ریلوے آشوینی ویشنو نے بھی ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لیے امدادی رقم کا اعلان کیا ہے۔
انڈیا میں مون سون (جون اور ستمبر) کے دوران عمارتوں کے منہدم ہونے کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔
رواں ماہ مغربی انڈیا میں کم از کم 20 مزدور اس وقت ہلاک ہوگئے جب مالیاتی دارالحکومت ممبئی کے باہر ایک زیر تعمیر ایکسپریس وے پر کرین گِر گئی۔
گذشتہ سال ریاست گجرات میں ایک پل گِرنے سے کم از کم 137 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
سنہ 2016 میں کولکتہ کی ایک مصروف سڑک پر فلائی اوور کے گِرنے سے کم از کم 26 افراد ہلاک ہوئے۔

شیئر: