قصیم۔۔۔۔اصلاح پسند سعودی شہریوں نے رمضان المبارک کے دوران مساجد کے افطار دسترخوان اور شاہراہوں پر افطار خیموں کے رواج پر نظر ثانی کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ روزہ داروں کو افطار کرانا ثواب کا کام ہے تاہم اس سلسلے میں فضول خرچی کسی طور جائز نہیں۔ لہذا افطار دسترخوان پر پانی ، لبن اور کھجور پر اکتفا کیا جائے۔ ایک اصلاح پسند نے کہا کہ افطار دسترخوان میں حد درجہ فضول خرچی اور نمود و نمائش ہورہی ہے ، بیشتر کھانے اور مشروبات بچ جاتے ہیں اور کچرے میں پھینک دیئے جاتے ہیں۔ ایک اور شہری نے کہا کہ روزے داروں کے افطار میں سادگی کو رواج دیا جائے۔ ایک صاحب نے کہا کہ انہوں نے دیکھا ہے کہ بعض روزے دارافطار کے بعد جماعت کی نماز پر اضافی خوراک کمرے لے جانے کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ کئی روزے دار پانی کی بوتلیں سڑک پر پھینک کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔