سعودی عرب میں نشہ آور اشیا کی سمگلنگ اور دھندا کرنے والے گرفتار
جمعرات 24 اگست 2023 22:55
نجران میں نشہ آور پاؤڈر کا دھندا کرنے والے 2 شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں سرحدی محافظوں کے ترجمان کرنل مسفر القرینی نے کہا ہے کہ بری گشتی دستوں اور سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 36.5 ٹن قات (نشہ آور پتے) اور ڈیڑھ ٹن حشیش سمگل کرنے کی متعدد کوششیں ناکام بنادیں۔ نجران، جازان، عسیر، تبوک اور الشرقیہ ریجنو ں میں سمگلروں کے خلاف سپیشل آپریشن کیے گئے۔
القرینی نے کہا کہ بری گشتی دستوں نے 29.5 ہزار سے زیادہ ممنوعہ نشہ آور گولیاں ضبط کرلیں۔ سمگلروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
نجران پولیس نے حشیش، نشہ آور مادہ اور نشہ آور پاؤڈر کا دھندا کرنے والے دو سعودیوں کو گرفتار کرلیا۔ ان کے قبضے سے دیسی ہتھیار اور دھندے میں استعمال ہونے والے موبائل برآمد کرلیے گئے۔
جازان ریجن کے الحرس سیکٹر میں سرحدی محافظوں کے گشتی دستے نے 53 کلو گرام قات (نشہ آور پتے) سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
دریں اثنا جازان ریجن کے الدایر سیکٹر میں سرحدی محافظوں نے دو یمنی دراندازوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے چالیس کلو گرام قات برآمد کرلی۔ سمگلنگ کی کوشش کررہے تھے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں